مکہ مکرمہ: پاکستانی حج مشن کے ”لاسٹ اینڈ فاؤنڈ سیل“ نے ایمانداری اور فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے ایک پاکستانی عازمِ حج کی گمشدہ رقم اور بیلٹ تلاش کر کے ان کے حوالے کر دی۔
تفصیلات کے مطابق مکہ مکرمہ میں ’لاسٹ اینڈ فاؤنڈ سیل‘ کے شفٹ انچارج رانا مجاہد نے بتایا کہ لاہور سے تعلق رکھنے والے پاکستانی عازِم حج عثمان شاہد جو سعودی ایئر لائن کے ذریعے جدہ پہنچے تھے، ان کی احرام والی بیلٹ ایئرپورٹ پر کہیں گر گئی۔
انہوں نے بتایا کہ اس بیلٹ میں 4308 سعودی ریال (تقریباً سوا تین لاکھ پاکستانی روپے) موجود تھے۔ جدہ ایئرپورٹ پر تعینات پاکستانی حج مشن کے ٹیم انچارج حیدر علی کو یہ بیلٹ ملی جس میں کوئی شناختی کارڈ یا نام موجود نہیں تھا جس سے مالک کا پتہ چل سکے تاہم امانت کو بحفاظت مکہ مکرمہ پہنچایا گیا۔
دوسری جانب عازم حج عثمان شاہد نے مکہ پہنچ کر اپنی بیلٹ اور گمشدہ رقم کی رپورٹ درج کرائی۔ شفٹ انچارج سیل رانا مجاہد نے بتایا کہ عازم حج کی جانب سے دی گئی نشانیوں، رقم کی درست مالیت اور دیگر تفصیلات کی مکمل تصدیق اور تسلی کرنے کے بعد آج مکہ مکرمہ میں انہیں بلا کر ان کی امانت (رقم اور بیلٹ) باقاعدہ طور پر ان کے حوالے کر دی گئی۔
رپورٹس کے مطابق عثمان شاہد اس وقت مکہ مکرمہ کی بلڈنگ نمبر 301 میں مقیم ہیں۔ رقم ملنے پر عازم حج عثمان شاہد کے چہرے پر خوشی دیدنی تھی۔
انہوں نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنی رقم گم ہونے پر بہت زیادہ دکھی اور پریشان تھا، لیکن پاکستانی حج مشن کے افسران نے جس طرح میری مدد کی، میں ان کا تہہ دل سے مشکور ہوں، میں حکومت پاکستان اور سعودی حکومت کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے عازمین کے لیے اتنی بہترین سہولیات اور ایماندار عملہ تعینات کیا ہے۔
رانا مجاہد نے اس موقع پر کہا کہ پاکستانی حج مشن کا مقصد عازمین حج کی خدمت کرنا اور ان کے مسائل کو فوری حل کرنا ہے۔
حج 2026: رضاکارانہ کام کے خواہشمند افراد کیلیے خوشخبری
انہوں نے عازمین کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی اشیاء کی حفاظت کریں تاہم کسی بھی گمشدگی کی صورت میں فوری طور پر قریبی ’لوسٹ اینڈ فاؤنڈ سیل‘ سے رابطہ کریں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں



