اسلام آباد (14 جنوری 2026): پاکستان نے سعودی عرب سے باضابطہ درخواست کی ہے کہ وہ ملک کی آبادی کے تناسب سے اس کا حج کوٹہ دو لاکھ تیس ہزار تک بڑھا دے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ فریضہ حج ادا کر سکیں۔
سرکاری نشریاتی ادارے ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق یہ بات مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے وزیر سردار محمد یوسف نے اسلام آباد میں درائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ روٹ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت اژتیس ہزار سے زائد عازمین اسلام آباد سے سفر کریں گے جبکہ اس سہولت کو لاہور تک وسعت دینے کی کوششیں جاری ہیں، اس وقت عازمین حج صرف اسلام آباد اور کراچی میں اس سہولت سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی حکومت نے عازمین حج کو بڑی سہولت دے دی
وزیر مذہبی امور نے کہا کہ حکومت نے سعودی عرب کی ہدایت کے مطابق حج 2026 کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔
اس سے قبل حج تربیتی نشست کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے سردار محمد یوسف کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے حج 2026 کیلیے ایک لاکھ اناسی ہزار دو سو دس کا کوٹہ مختص کیا ہے جس میں سے تقریباً ایک لاکھ اٹھارہ ہزار نشستیں سرکاری اسکیم کے تحت مختص کی گئی ہیں جبکہ باقی پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کیلیے مختص ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ تربیت لازمی ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ عازمین مناسک حج اور انتظامی طریقہ کار سے پوری طرح واقف ہو سکیں۔
سردار محمد یوسف کا کہنا تھا کہ حج تربیتی پروگراموں کا پہلا مرحلہ ملک بھر میں فروری تک جاری رہے گا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


