تازہ ترین

اسرائیل کا ایران پر فضائی حملہ

امریکی میڈیا کی جانب سے یہ دعویٰ سامنے آرہا...

روس نے فلسطین کو اقوام متحدہ کی مکمل رکنیت دینے کی حمایت کردی

اقوام متحدہ سلامتی کونسل کا غزہ کی صورتحال کے...

بیوٹی پارلرز اور شادی ہالز پر فکس ٹیکس لگانے کا فیصلہ

پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے بیوٹی پارلرز اور شادی ہالز...

چمن میں طوفانی بارش، ڈیم ٹوٹ گیا، مختلف حادثات میں 7 افراد جاں بحق

چمن: بلوچستان کے ضلع چمن میں طوفانی بارشوں نے...

پاکستان کی تاریخی فتح، جنوبی افریقہ کو 9 وکٹوں سے شکست

سنچورین: پاکستان نے بابر اعظم کی شاندار سنچری کی بدولت جنوبی افریقہ کو تیسرے ٹی ٹوینٹی میچ میں 9 وکٹوں سے شکست دے کر چار میچوں کی سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کرلی۔

تفصیلات کے مطابق سنچورین میں کھیلے جانے والے تیسرے ٹی ٹوینٹی میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کی جانب سے دیا جانے والا 204 رنز کا ہدف 18 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا، بابر اعظم نے 122 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

پاکستان نے اپنی ٹی ٹوینٹی تاریخ کا سب سے بڑا ہدف حاصل کیا، بابر اعظم کی اننگز میں 4 چھکے 15 چوکے شامل تھے، محمد رضوان نے بابر کا خوب ساتھ دیا اور 73 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

میچ میں بابر اعظم اور محمد رضوان نے 197 رنز کی شراکت قائم کی، دونوں بیٹسمینوں نے احمد شہزاد اور محمد حفیظ کا 143 رنز کا ریکارڈ توڑدیا۔

بابر اور رضوان کے آگے جنوبی افریقی بولر بے بسی کی تصویر بنے رہے، صرف ولیمز نے میچ کے آخر میں ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل تیسرے ٹی ٹوینٹی میچ میں جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹںگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 203 رنز بنائے تھے اور گرین شرٹس کو جیت کے لیے 204 رنز کا ہدف دیا تھا۔

جنوبی افریقی اوپنرز مارکرم اور ملان نے شاندار نصف سنچریاں اسکور کیں، ایڈین مارکرم نے 62 اور جانے من ملان نے 55 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

 وین ڈر ڈسن 34 رنز بنا کر نمایاں رہے، جارج لندے 22 رنز بنا کر فہیم اشرف کا نشانہ بنے، کپتان کلاسن کو 15 رنز پر حسن علی نے بولڈ کیا، فلک وایو 11 رنز بناسکے۔

پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، حارث رؤف، شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں پاکستان نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں جنوبی افریقا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا، چار میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر ہے۔

تیسرے ٹی ٹوئنٹی کے لئے قومی ٹیم میں تین تبدیلیاں کیں گئیں ہیں، فائنل الیون سے شرجیل خان، عثمان قادر اور محمد حسنین باہر ہوگئے ہیں ان کی جگہ فخر زمان، آصف علی اور حارث رؤف کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان چار میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز 1-1 سے برابر ہے، پہلے میچ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پروٹیز کو چار وکٹوں سے شکست دی تھی۔

دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پروٹیز نے یک طرفہ مقابلے کے بعد پاکستان کو چھ وکٹوں سے شکست دیتے ہوئے سیریز کو برابر کردیا تھا۔

واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل آئی سی سی نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں جنوبی افریقا کو ‏مقررہ وقت کی پابندی نہ کرنے پر میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ کیا تھا۔

میچ ریفری نے اینڈی پائی کرافٹ نے ٹائم الاؤنس میں بھی مقررہ اوورز نہ کرنے پر جنوبی افریقا ‏کو تاخیر کا مرتکب قرار دیا تھا، آئی سی سی کے کوڈ آف کنڈکٹ 2.22 کے مطابق مقررہ وقت کے بعد ہر اوور میں تاخیر پر جرمانہ ‏کیا۔

Comments

- Advertisement -