لاہور(22 فروری 2026): پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے ملک میں ہاکی کے امور کو بہتر بنانے کے لیے "ایڈہاک گورننس اینڈ مینجمنٹ کمیٹی” قائم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
نامور اولمپئن حسن سردار اور اصلاح الدین کو اس کمیٹی کا کو-چیئرمین مقرر کیا گیا ہے، نئی تشکیل دی گئی کمیٹی قومی ٹیم کے انتخاب اور ٹریننگ سسٹم کی مکمل نگرانی کرے گی۔
پی ایچ ایف کے مطابق کمیٹی کے دیگر اراکین کا تقرر کو-چیئرمینز سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔ ادارے میں شفافیت اور بہتری لانے کے لیے کارپوریٹ گورننس اور مارکیٹنگ کے شعبوں کو ٹیکنیکل ہاکی آپریشنز سے الگ کر دیا گیا ہے۔
اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے عامر ابراہیم کو کارپوریٹ گورننس کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے، جبکہ کمیٹی کے دیگر اراکین میں فرخ عتیق، شکیل شاہ، غلام علی ملاح اور اکمل عزیز شامل ہیں۔
ہاکی فیڈریشن کا ماننا ہے کہ اس نئے انتظامی ڈھانچے سے قومی کھیل کی کھوئی ہوئی ساکھ بحال کرنے میں مدد ملے گی۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


