لاہور (30 جولائی 2026): پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ہاکی ورلڈ کپ سے قبل قومی ٹیم میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے کپتان کو تبدیل کر دیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین وانی نے عماد شکیل بٹ کو قومی ہاکی ٹیم کی قیادت سے ہٹا کر محمد ابوبکر کو نیا کپتان مقرر کیا ہے۔ تاہم عماد شکیل سینئر کھلاڑی کے طور پر ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
محمد ابوبکر کی تقرری پروفیشنل ڈیولپمنٹ کمیٹی کی سفارش پر عمل میں آئی ہے، اس کمیٹی میں سابق اولمپین اصلاح الدین اور حسن سردار شامل ہیں۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے امید ظاہر کی ہے کہ ابوبکر کی قیادت، سینئر کھلاڑیوں کے تجربے اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کے امتزاج سے قومی ٹیم متحد اور مضبوط انداز میں آگے بڑھے گی۔
ہاکی ورلڈ کپ کا آغاز 15 اگست سے ہو رہا ہے۔ جب کہ نئے کپتان ابوبکر کا پہلا امتحان آج سے جنوبی کوریا کے خلاف چار میچوں کی ہوم سیریز ہوگی۔



