تازہ ترین

فوجی عدالتوں سے 15 سے 20 ملزمان کے رہا ہونے کا امکان

اسلام آباد : اٹارنی جنرل نے فوجی عدالتوں سے...

نیا کپتان کون؟ سفارشات چیئرمین پی سی بی کو ارسال

پاکستان کرکٹ ٹیم کا وائٹ بال میں نیا کپتان...

وفاقی حکومت نے آٹا برآمد کرنے کی اجازت دے دی

وفاقی حکومت نے برآمد کنندگان کو آٹا برآمد کرنے...

وزیراعظم شہباز شریف آج چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی سے اہم ملاقات کریں گے

اسلام آباد : وزیراعظم شہبازشریف اور چیف جسٹس سپریم...

پاکستان نے 2 عالمی دہشت گردوں پر مکمل پابندی عائد کر دی

اسلام آباد: پاکستان نے مغربی افریقا کے ملک مالی کے 2 دہشت گردوں پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان نے مزید 2 عالمی دہشت گردوں پر مکمل پابندی عائد کر دی، ان دہشت گردوں میں عمادو کوفہ اور عمادو بیری شامل ہیں، دونوں کا تعلق ملک مالی اور جماعت نصرت الاسلام و المسلمین (JNIM) سے ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزارت خارجہ نے اس سلسلے میں متعلقہ اداروں کو عمل درآمد کے لیے حکم نامہ جاری کر دیا ہے، دونوں دہشت گرد سلامتی کونسل کی خصوصی کمیٹی کی فہرست میں شامل ہیں، ان کے پاکستان داخلے اور ملک کو بہ طور راہداری استعمال پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

وزارت خارجہ کے حکم نامے کے مطابق دہشت گردوں کے ہر قسم کے اثاثہ جات منجمد ہوں گے، اسلحے کی فروخت پر بھی قدغن لگائی گئی، پاکستان کا کوئی فرد، ادارہ یا تنظیم ان کی کسی قسم کی مالی معاونت نہیں کر سکے گا، بینکنگ، نان بینکنگ، اسٹاک مارکیٹ ذرایع سے بھی مالی تعلقات استوار نہیں ہو سکیں گے، پاکستان سے کوئی فرد یا ادارہ چندے کے ذریعے فنڈز اکٹھا نہیں کر سکے گا۔

مذکورہ دہشت گردوں کے تمام افراد، گروپس، اداروں کے فنڈز، اثاثے، معاشی وسائل فوری منجمد ہوں گے، وزارت خارجہ نے حکم نامے میں سلامتی کونسل کی 15 قراردادوں کا بھی حوالہ دیا، اور کہا کہ سلامتی کونسل کی داعش، القاعدہ پابندی کمیٹی نے دونوں کو اپنی فہرست میں 4 فروری 2020 کو القاعدہ سے تعلق کی بنیاد پر شامل کیا ہے، پاکستان میں ان پر پابندی کا فیصلہ سلامتی کونسل کی قرارداد کے پیراگراف 1، چارٹر باب 7 کے تحت کیا گیا۔ قرارداد 1333 کے پیراگراف 8 سی، 1390 کے پیراگراف 1،2 کے 2002، قرارداد 1989 کے پیراگراف 1،4، قرارداد 2253 کے پیراگراف 2 کے حوالے بھی حکم نامے میں شامل کیے گئے۔ قراردادوں کے مطابق تمام ممالک داعش، القاعدہ اور ان سے وابستہ افراد، گروہوں، اداروں کے خلاف اقدام کے پابند ہیں۔

خیال رہے کہ نصرت الاسلام و المسلمین مغربی افریقا میں قائم عسکریت پسند تنظیم ہے۔ دہشت گرد عمادو کوفہ کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ مسینہ لبریشن فرنٹ کا بانی اور سربراہ ہے، جو جماعت نصرت الاسلام و المسلیمن سے منسلک ہے۔ نومبر 2018 میں عمادو کوفہ سے متعلق خبر آئی تھی کہ فرانسیسی فوج کے ہاتھوں مارا گیا، تاہم مارچ 2019 میں اس کی ویڈیو پھر سامنے آ گئی۔ جس میں اس نے اپنی موت کی خبر کو مذاق قرار دیا، اس ویڈیو کی تصدیق امریکی مانیٹرنگ گروپ نے بھی کی۔

Comments

- Advertisement -