اسلام آباد : پاکستان نے یورو بانڈ کا حجم بڑھا کر 750 ملین ڈالر کردیا، اس سے قبل اس کی مالیت 500ملین ڈالر تھی۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں بتایا ہے کہ پاکستان نے یورو بانڈ کا حجم بڑھا کر 750 ملین ڈالر کردیا۔
انہوں نے لکھا کہ پاکستان نے یورو بانڈ کا حجم بڑھا کر750 ملین ڈالر کردیا ہے، اضافی 250 ملین ڈالر’’گرین شو آپشن‘‘کے تحت عالمی سرمایہ کاروں کو جاری کیے گئے ہیں۔
مشیر وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ 4سال بعد عالمی مالیاتی منڈیوں میں پاکستان کی کامیاب واپسی ہوئی ہے، اس کے اجرا میں عالمی سرمایہ کاروں کی غیرمعمولی دلچسپی ظاہر ہوئی ہے۔خرم شہزاد نے کہا کہ مضبوط طلب کے باعث یورو بانڈ کا حجم 500 سے بڑھا کر 750 ملین ڈالر کیا گیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سرمایہ کاروں کے اعتماد میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، پاکستان کی معیشت پر عالمی اعتماد بحال ہونے لگا ہے، عالمی کیپیٹل مارکیٹس میں پاکستان کی موجودگی مضبوط ہے۔
واضح رہے کہ رواں ماہ 17 اپریل کو پاکستان نے تقریباً چار سال کے وقفے کے بعد عالمی سرمایہ کاری منڈیوں میں دوبارہ قدم رکھتے ہوئے 500 ملین ڈالر مالیت کا یورو بانڈ جاری کیا تھا، جسے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی جانب سے نمایاں پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔
وزارتِ خزانہ کے مطابق مشکل عالمی معاشی حالات کے باوجود یورو بانڈ کے اجرا نے نہ صرف پاکستان کی معیشت پر سرمایہ کاروں کے اعتماد کو تقویت دی ہے بلکہ اس سے ملک کے سوورین ییلڈ کرو کو بھی استحکام ملا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس پیش رفت سے بین الاقوامی بانڈ مارکیٹ میں پاکستان کی پوزیشن مزید مضبوط ہوگی۔
اس حوالے سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ 500 ملین ڈالر کے یورو بانڈ کے اجرا سے حکومت کو فنڈنگ ذرائع میں تنوع لانے اور مالیاتی حکمت عملی کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی جبکہ فنانس ڈویژن اور ڈیبٹ مینجمنٹ ٹیم کی مؤثر حکمت عملی کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


