اسلام آباد (5 اگست 2026): پاکستان اور ایران کے درمیان ایک اہم معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے پر اتفاق کر لیا گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان اور ایران نے آزاد تجارتی معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے پر اتفاق کرتے ہوئے دو طرفہ تجارتی حجم 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
اسلام آباد میں پاک ایران مشترکہ تجارتی کمیٹی کے دسویں اجلاس کے متفقہ منٹس پر دستخط کر دیے گئے۔ تین روزہ مذاکرات میں تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون بڑھانے کے شعبوں پر اتفاق کرتے ہوئے دو طرفہ تجارت کے فروغ کے لیے عملی اقدامات تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
مذاکرات میں آزاد تجارتی معاہدے کے قواعدِ اصل اور ٹیرف کمی کے طریقہ کار پر اہم پیش رفت ہوئی۔ پاک ایران بزنس ٹو بزنس روابط کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ دونوں ممالک نے بارٹر ٹریڈ کے نظام کو وسعت دینے اور مزید موثر بنانے پر بھی اتفاق کیا۔
دونوں ممالک نے سرحدی تجارت کے فروغ اور مقامی آبادیوں کو معاشی مواقع فراہم کرنے کے عزم کے ساتھ چیدگی کوہک سرحدی مارکیٹ کے افتتاح کا عمل تیز کرنے پر بھی اتفاق کیا اور مشترکہ سرحدی منڈیوں کے موثر انتظام کے لیے مشترکہ کمیٹیاں قائم کرنے کا فیصلہ کیا۔
مذاکرات میں زرعی اور باغبانی مصنوعات کی باہمی تجارت بڑھانے کے لیے اقدامات پر اتفاق کرتے ہوئے ٹرانسپورٹ، لاجسٹکس اور سرحدی رابطوں کو مزید بہتر بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا اور یہ بھی طے کیا گیا کہ متفقہ فیصلوں پر فوری عمل کے لیے دونوں ممالک کی تیکنیکی کمیٹیاں کام جاری رکھیں گی۔


