اسلام آباد : پاکستانی تاجروں کیلئے ایک سال بعد تفتان بارڈر پر تجارتی ویزا سہولت دوبارہ بحال ہوگئی اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان اور ملک بھر کے تاجر برادری کے لیے ایک بڑی اور خوش آئند پیشرفت سامنے آئی، تفتان بارڈر پر پاکستانی تاجروں کے لیے تجارتی ویزا کی سہولت ایک سال کے طویل تعطل کے بعد دوبارہ بحال کر دی گئی ہے، جس سے پاک-ایران سرحدی تجارت کے ایک نئے سفر کا آغاز ہو گیا ہے۔
بلوچستان ہوم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد تفتان بارڈر پر تجارتی ویزا کی فراہمی کا عمل دوبارہ فعال کر دیا گیا ہے۔
تجارتی ویزا کی اس اہم بحالی سے پاکستان اور ایران کے مابین دوطرفہ تجارتی روابط مزید مستحکم ہوں گے اور خاص طور پر سرحدی علاقوں میں روزگار کے نئے اور وسیع مواقع پیدا ہوں گے۔
طویل انتظار ختم ہونے پر چیمبر آف کامرس اور مقامی تاجر برادری نے حکومت اور انتظامیہ کے اس فیصلے کا بھرپور خیرمقدم کیا ہے۔
مقامی تاجروں کا کہنا ہے کہ ویزا سہولت کی دوبارہ بحالی صوبے کی معیشت، بارڈر ٹریڈ اور مقامی لوگوں کے روزگار کے لیے ایک انتہائی مثبت اور سنگ میل قدم ثابت ہوگی۔


