وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ ایران پر پابندیاں ختم ہونے سے پاکستان کو تجارت، توانائی شعبے میں فائدہ ہوگا۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ ایران امریکا امن معاہدہ پاکستان کے لیے بڑی سفارتی کامیابی ہے، یہ کامیابی وزیراعظم، فیلڈ مارشل اور پوری ٹیم کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ بڑی جنگ کا خطرہ ٹلا، عالمی معاشی صورتحال میں بہتری آئے گی، ایران سے متعلق مسئلے کے حل سے خطے سمیت دنیا کو فائدہ ہوگا۔
یہ پڑھیں: ایران کو بہت اچھا معاہدہ ملا، الجزیرہ پر تجزیہ
علاوہ ازیں طلال چوہدری نے کہا کہ کشمیر کے معاملے پر نواز شریف نے اہم اجلاس میں مشاورت کی، وفاقی حکومت کشمیر کی قیادت، اتحادی جماعتوں سے مشاورت کے بعد فیصلے کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر معاہدے کے 38 نکات میں سے 37 پر عملدرآمد کیا گیا، ایک نکتے پر اتنا بڑا فساد کیوں کھڑا کیا گیا اس کا جواب ملنا چاہیے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ کچھ آڈیوز منظرعام پر آچکی ہیں، تحقیقات سے حقائق سامنے آئیں گے، دشمن عناصر بلوچستان، کشمیر میں پراکیسز سے انتشار پھیلانے کی کوشش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر کے عوام کے حقوق اور مسائل کا حل جمہوری طریقے سے نکالا جائے گا۔


