تازہ ترین

حکومت کا ججز کے خط پر انکوائری کمیشن بنانے کا اعلان

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے اسلام آباد ہائی کورٹ...

فوجی عدالتوں سے 15 سے 20 ملزمان کے رہا ہونے کا امکان

اسلام آباد : اٹارنی جنرل نے فوجی عدالتوں سے...

پاکستان امن پسند ملک ہے، جنگ مسلط کی گئی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے: آرمی چیف

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ چھ ستمبر کا دن ہماری تاریخ کا لازوال باب ہے، وہ دن جب محبت، قربانی اور بہادری کی داستانیں رقم ہوئیں، پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اگر جنگ تھوپی گئی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق آج آرمی چیف جی ایچ کیو راولپنڈی میں فوجی اعزازات کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے، انھوں نے کہا دشمن کے ناپاک عزائم کو شکست دینے کے لیے ہم ہمہ وقت تیار ہیں۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا میری بہنوں اور بھائیوں کی توجہ ایک اور چیلنج کی طرف مبذول کرانا چاہتا ہوں، یہ چیلنج ففتھ جنریشن یا ہائبرڈ وار کی صورت میں ہم پر مسلط کیا گیا ہے، اس چیلنج کا مقصد ملک اور افواجِ پاکستان کو بد نام کر کے انتشار پھیلانا ہے، لیکن ہم اس خطرے سے بخوبی آگاہ ہیں، قوم کے تعاون سے اس جنگ کو جیتنے میں بھی ہم ان شاء اللہ ضرور کامیاب رہیں گے۔

آرمی چیف نے متنبہ کیا کہ مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر ہم کسی لچک کا مظاہرہ نہیں کریں گے، ہمیں نئے حاصل شدہ اسلحے کے انبار سے مرعوب نہیں کیا جا سکتا، نہ ہی ہم پر کوئی دھمکی اثر انداز ہو سکتی ہے، افواج پاکستان پوری قوت سے لیس، چوکنا اور باخبر ہیں، ہم دشمن کی کسی بھی حرکت کا فوری اور پوری قوت سے جواب دینے کو تیار ہیں، وقت ہمیں کئی بار آزما چکا، ہم ہر بار سرخرو ہوئے ہیں۔

انھوں نے کہا ہمسایہ ملک ہندوستان نے ہمیشہ کی طرح غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کر رکھا ہے، بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے خطے کو خطرات سے دوچار کیا، کوئی شک نہیں جموں و کشمیر بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ مسئلہ ہے، اس حوالے سے ہم کسی بھی یک طرفہ فیصلے کو تسلیم نہیں کرتے۔

آرمی چیف نے اعزازات حاصل کرنے والے آفیسرز، جونئیر کمیشنڈ آفیسرز اور جوانوں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا آپ نے فرض کی ادائیگی کے دوران پاک فوج کی اعلیٰ روایت کو مقدم رکھا، آپ نے جس پیشہ ورانہ معیار کا ثبوت دیا ہم سب کو اس پر ناز ہے۔

انھوں نے کہا گزشتہ بیس سالوں میں ہم بڑی آزمائش سے گزرے ہیں، مشرقی و مغربی سرحدوں پر حالتِ جنگ کا سامنا رہا، ہمیں زلزلے اور سیلاب جیسی آزمائشیں بھی درپیش رہیں، دہشت گردی، شدت پسندی کے خلاف ہم نے اعصاب شکن جنگ لڑی، ہزاروں افراد کی قربانی دی، لاکھوں دربدر ہوئے، حال ہی میں کرونا جیسی وبا، ٹڈی دل جیسی آفت کا بھی سامنا رہا، لیکن ہم نے کامیابی سے ان کا مقابلہ کیا۔

قبل ازیں، جی ایچ کیو راولپنڈی میں فوجی اعزازات دینے کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ مہمان خصوصی تھے، آرمی چیف نے جرات کا مظاہرہ کرنے والے افسروں اور جوانوں کو اعزازات سے نوازا، تقریب میں شہدا، غازیوں کے اہل خانہ، حاضر سروس افسران نے شرکت کی۔

آرمی چیف نے 40 افسروں کو ستارہ امتیاز ملٹری، 24 افسروں اور جوانوں کو تمغہ بسالت، اور ایک جوان کو یونائیٹڈ نیشن میڈل سے نوازا۔ شہدا کے اعزازات ان کے اہل خانہ نے وصول کیے۔

Comments

- Advertisement -