بیجنگ : چینی حکام نے پاکستان میں ویڈیو شیئرنگ ایپلیکیشن ٹک ٹاک کی بحالی کے حکومتی فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پاکستان نے چینی ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک کو فحاش اور نامناسب مواد کی شیئرنگ کے معاملے پر کچھ دن کےلیے بند کردیا تھا لیکن صارفین اور چینی حکام کی سفارش پر دوبارہ ایپ لیکیشن کو بحال کردیا گیا ہے۔
ٹک ٹاک کی بحالی کا خیر مقدم کرتے ہوئے چینی وزارت خارجہ کے ترجمان زاولیجان نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ دوستانہ مشاورت کے ٹک ٹاک کے مسئلے کو حل کرلیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ چین اپنی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو سختی سے یہ ہدایات دیتا ہے کہ دیگر ممالک میں ان کے ثقافت، رسم و رواج اور مذہبی عقائد کا لحاظ کرتے ہوئے ایپ چلائیں۔
واضح رہے کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے بار بار نوٹس جاری کرنے کے باوجود فحش مواد نہ ہٹانے پر رواں ماہ 9 اکتوبر کو ٹک ٹاک کو بند کر دیا تھا جس کے بعد ٹک ٹاک انتظامیہ کی جانب فحش مواد ہٹانے کی یقین دہانی پر ٹک ٹاک کو دوبارہ بحال کردیاگیا۔