اسلام آباد: وزیرتوانائی عمر ایوب نے کہا ہے کہ پاکستان میں جدید طریقوں پر فیول فراہمی کے اقدامات قابل ستائش ہیں، پاکستان توانائی کے شعبے میں تیزی سے ترقی کررہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد مین پی ایس او پیٹرول پمپ پر الیکٹرک کار چارجنگ یونٹ کا افتتاح ہوگیا، اس موقع پر وزیرتوانائی عمر ایوب اور معاون خصوصی ندیم بابربطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمر ایوب کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے وژن کے مطابق ماحولیاتی آلودگی پر قابو پالیں گے، قابل تجدید توانائی کی پالیسی اور یورو 5 پیٹرول کی درآمد اسی سلسلے کی کڑی ایک کڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جدیدطریقوں پر فیول فراہمی کے اقدامات قابل ستائش ہیں، انشااللہ ہماری پالیسیاں توانائی کے شعبے میں وسعت و ترقی لائیں گی۔
اس موقع پر معاون خصوصی ندیم بابر کا کہنا تھا کہ ہمیں آئندہ سالوں میں پاکستان کو ماحول پسند ایندھن کی طرف لے کر جانا ہے، وزیراعظم کے وژن کے مطابق پیٹرولیم ڈویژن کلین انرجی پر کام کر رہا ہے۔