مانچسٹر: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان پرامن افغانستان کے لیے کوشاں ہے، افغان امن عمل میں پاکستان اہم کردار ادا کررہا ہے۔
برطانوی شہر مانچسٹر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ امریکی صدر نے طالبان سے مذاکرات میں پاکستانی کردار کو سراہا، پرامن اور ترقی یافتہ افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے، افغان مہاجرین باعزت طریقے سے واپسی چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کلبھوشن یادیو کا مقدمہ عالمی عدالت انصاف میں چل رہا ہے، کلبھوشن یادیو نے پاکستان میں کارروائیوں کا اعتراف کیا ہے، اس کیس میں 19فروری کو پاکستانی ٹیم شواہد پیش کرے گی۔
مسئلہ کشمیر کے سوال پر وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومتوں کا کشمیر پر معذرت خواہانہ رویہ تھا، برطانوی پارلیمنٹ میں حکومت نے کشمیریوں کے لیے آواز بلند کی، برطانوی ارکان پارلیمنٹ نے پاکستانی مؤقف کی تائید کی، پاکستان ہمیشہ بھارت سے مذاکرات کے لیے تیار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کشمیر پر پاکستان کا مؤقف واضح ہے، کشمیر میں بین الاقوامی صحافیوں اور مبصرین کو خوش آمدید کہیں گے۔
افغان قیادت کوافغان عوام کے مسائل پرتوجہ دینے کی ضرورت ہے‘ شاہ محمود قریشی
پوچھے گئے سوال پر شاہ محمود کا کہنا تھا کہ 70 سال کا بگاڑ 6ماہ میں ٹھیک ہوجائے یہ ممکن نہیں، موجودہ حکومت کو عوام نے بدعنوانی کے خاتمے کا مینڈیٹ دیا، عوام نے تحریک انصاف کی حکومت پر بھر پور اعتماد کیا، حالات بہتری کی جانب گامزن ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی انتہائی قابل قدر ہیں، پاکستان بناؤ سرٹیفکیٹ اوورسیز کے لیے سرمایہ کاری کا موقع ہے، نئی ویزہ پالیسی سے آمدورفت میں بہتری آئے گی۔