اسلام آباد (4 نومبر 2025): پاکستان نے اسرائیل سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی موجودگی میں طے پانے والے غزہ امن معاہدے پر عمل کرنے کا مطالبہ دہرا دیا۔
نائب وزیر اعطم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غزہ امن معاہدے پر گزشتہ ماہ دستخط ہوئے اور امن کیلیے کوششوں پر عملدرآمد جاری ہے، ہمیں انسانیت کو بچانے کیلیے بھرپور کوششیں کرنا ہوں گی۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی موجودگی میں غزہ امن معاہدے پر دستخط ہوئے، عالمی امن کی کوششوں میں غزہ میں امن کی بات چیت ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اسرائیلی جیلوں سے رہا فلسطینی قیدیوں کی میزبانی پر آمادہ ہے، حماس
انہوں نے مطالبہ دہرایا کہ اسرائیل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی موجودگی میں ہونے والے غزہ امن معاہدے پر عمل کرے، پاکستان اور دیگر عرب اسلامی ممالک غزہ میں امن کیلیے خلوص نیت سے کوششیں کر رہے ہیں۔
تقریب سے خطاب میں اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت پاکستان ڈیجیٹلائزیشن کی جانب گامزن ہے، ہم نے ٹیکنالوجی میں بہت ترقی کی اور کر رہے ہیں، گزشتہ چند سال میں حکومت نے ڈیجیٹل پاکستان بنانے کیلیے اقدامات کیے ہیں، وزارت آئی ٹی کی کوششوں کے آج ثمرات مل رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری نوجوان نسل کی مہارت بڑھانے میں گوگل کروم بک کلیدی کردار ادا کرے گی، مارکیٹ میں کروم بک کی دستیابی موجودہ گیجٹس کی فراہمی کو مزید آسان بنائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی میں نئی جدتیں متعارف کروائی جا رہی ہیں، عالمی پلیٹ فارمز تک بہتر رسائی ممکن بنائی جا رہی ہے، ہماری پالیسی شفافیت کو یقینی بنانا اور پاکستان میں بین الاقوامی سرمایہ کاری بڑھانا ہے، ہم نے ٹیکس کے عوامل کو منظم کرنے کیلیے اقدامات کیے ہیں۔


