جمعہ, فروری 6, 2026
اشتہار

کراچی سمیت ملک بھر میں شدید سردی کی لہر جاری

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی (11 جنوری 2026): کراچی سمیت ملک بھر میں سردی کی شدید لہر جاری ہے یخ بستہ ہواؤں اور دھند کا راج قائم ہے۔

کراچی سمیت ملک بھر میں شدید سردی کی لہر جاری ہے اور یخ بستہ ہواؤں نے موسم کی شدت میں اضافہ کر دیا ہے۔ پہاڑی علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے کئی درجہ نیچے جب کہ میدانی علاقوں میں سنگل ڈیجیٹ کو پہنچ چکا ہے۔

ملک کے بالائی علاقوں اور شمالی بلوچستان میں کڑاکے کی ٹھنڈ پڑ رہی ہے۔ پہاڑی علاقوں میں برفباری کے باعث پہاڑوں نے برف کی چادر اوڑھ لی ہے جب کہ ان حالات میں بھی منچلے برفباری دیکھنے کے لیے مری اور دیگر تفریحی مقامات پر پہنچ رہے ہیں۔

ہفتے کے روز ملک میں سب سے سرد علاقہ لہہ کا رہا، جہاں درجہ حرارت منفی 14 ریکارڈ کیا گیا۔ اسکردو میں منفی 13، گوپس میں منفی 10، ہنزہ گلگت میں منفی 8، قلات اور بگروٹ میں منفی 6، دیر میں منفی 5، کوئٹہ میں منفی 3 جب کہ مری اور ایبٹ آباد میں منفی ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور صوبہ کے پی کے دارالحکومت پشاور میں صفر، لاہور میں 5، ملتان میں 4 جب کہ کراچی میں 7 ٖڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ملک بھر میں سردی کی شدت نے لوگوں کے معمولات زندگی متاثر کر دیے ہیں اور بالائی علاقوں میں تو لوگ گھروں میں محصور ہو گئے ہیں۔ حد نگاہ میں انتہائی کمی کے باعث لوگوں کے جان ومال کے تحفظ کے لیے خیبر پختونخوا، پنجاب اور بالائی سندھ میں متعدد مقامات پر موٹر ویز کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

موسم کی شدت کے باعث پنجاب میں اسکولوں میں سردیوں کی چھٹیوں میں 10 روز کا اضافہ کر دیا گیا ہے جب کہ سندھ میں تمام سرکاری اور نجی اسکولوں میں اسکول لگنے کے اوقات 21 جنوری تک صبح 9 بجے مقرر کیے گئے ہیں۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں