راولپنڈی : پاکستان نے ’فتح-4‘ گراؤنڈ لانچڈ کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا ، یہ میزائل جدید ترین ایوی اونکس اور نیوی گیشنل سسٹم سے لیس ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان میں کہا کہ پاکستان نے مقامی سطح پر تیار کردہ زمین سے مار کرنے والے ’فتح-4‘ (Fatah-II) کروز میزائل کا کامیاب تربیتی تجربہ کیا۔
یہ تجربہ پاکستان کی عسکری صلاحیتوں اور روایتی ڈیٹرنس کو مزید مضبوط بنانے کی سمت میں ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ’فتح-4‘ میزائل کو آرمی راکٹ فورس کمانڈ نے مکمل طور پر مقامی سطح پر تیار کیا ہے۔
یہ میزائل جدید ترین ایوی اونکس اور نیوی گیشنل سسٹم سے لیس ہے، جو اسے اپنے ہدف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت فراہم کرتا ہے۔
اس تجربے کا بنیادی مقصد پاک فوج کے دستوں کی آپریشنل تیاریوں میں اضافہ کرنا اور میزائل کے فنی و تکنیکی معیار کی جانچ کرنا تھا۔
میزائل کے کامیاب تجربے کا مشاہدہ آرمی راکٹ فورس کمانڈ کے سینئر افسران، نامور سائنسدانوں اور ماہر انجینئرز نے کیا۔ ماہرین نے میزائل کی پرواز اور ہدف کو نشانہ بنانے کے تمام مراحل پر اطمینان کا اظہار کیا۔
صدر مملکت، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سمیت ملک کی عسکری و سیاسی قیادت نے ’فتح-4‘ کے کامیاب تجربے پر قوم اور مسلح افواج کو مبارکباد دی ہے۔
قیادت نے منصوبے میں شامل سائنسدانوں اور انجینئرز کی فنی مہارت، انتھک محنت اور عزم کی بھرپور ستائش کرتے ہوئے اسے ملکی دفاع کے لیے ناگزیر قرار دیا۔
لئیق الرحمن دفاعی اور عسکری امور سے متعلق خبروں کے لئے اے آروائی نیوز کے نمائندہ خصوصی ہیں


