پیر, جولائی 20, 2026
اشتہار

پاکستان کو چھوٹے جانوروں، کولڈ چین اور جدید سلاٹرنگ ٹیکنالوجی کی کمی کا سامنا ہے، رپورٹ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد (05 نومبر 2025): سرکاری کمیٹیوں کی رپورٹس کے مطابق پاکستان کو لائیو اسٹاک کے شعبے میں چھوٹے جانوروں کی کمی، فیڈ لاٹ فنشنگ نظام کا فقدان، کولڈ چین کی کمزوری، اور جدید سلاٹرنگ ٹیکنالوجی کی کمی کا سامنا ہے۔

وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کی زیرِ صدارت ملائیشیا کو گوشت کی برآمد سے متعلق وزیر اعظم کی کمیٹی کا اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں کمیٹی کے تحت قائم 4 ورکنگ گروپس نے اپنی رپورٹس پیش کیں۔

کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے پاس مضبوط لائیو اسٹاک بیس اور حلال گوشت کی عالمی سطح پر تسلیم شدہ ساکھ موجود ہے، تاہم اس شعبے کو کئی چیلنجز کا سامنا ہے، ہارون اختر خان نے اس بات پر زور دیا کہ گوشت کی برآمدات کے فروغ کے لیے معیار، تسلسل اور مسابقت میں بہتری لانا نہایت ضروری ہے۔

5 لاکھ روپے تک ودہولڈنگ ٹیکس ادا کرنے والوں کےلیے اہم خبر

کمیٹی نے سفارش کی کہ جانوروں کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ، جدید سلاٹرنگ اور پراسیسنگ ٹیکنالوجی کا استعمال، مستحکم حلال سرٹیفکیشن نظام، اور لاجسٹکس کو عالمی معیار کے مطابق مضبوط بنانا ناگزیر ہے۔

ہارون اختر خان نے کہا کہ لائیو اسٹاک کا شعبہ دیہی آمدنی کا ایک اہم ذریعہ ہے اور ملک بھر میں 1 کروڑ 20 لاکھ سے زائد گھرانے مویشی پالنے سے وابستہ ہیں۔ ان کے مطابق ’’دیہی خاندان اپنی آمدنی کا 35 سے 40 فیصد حصہ مویشیوں سے حاصل کرتے ہیں۔‘‘

انھوں نے مزید کہا کہ عالمی برآمد کنندگان زیادہ تر منجمد (فروزن) گوشت برآمد کرتے ہیں، جس سے لاگت کم اور منڈیوں تک رسائی زیادہ ہوتی ہے، تاہم پاکستان کے جانوروں کی جسامت اور پیداوار بڑے برآمد کنندگان کے مقابلے میں کم ہے۔

ہارون اختر خان نے بتایا کہ پاکستان میں فروزن اور ڈیبونڈ بیف کی پراسیسنگ کی صلاحیت محدود ہے، اس لیے پراسیسنگ، کولڈ چین، اور ایکسپورٹ ریڈی سسٹمز میں بہتری لانا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بھینس کے گوشت کی برآمد کے فروغ کے لیے مراعات دینے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

اجلاس کے اختتام پر ہارون اختر خان نے اعلان کیا کہ ملائیشیا کو گوشت کی برآمد بڑھانے کے لیے ایک جامع بزنس ماڈل تیار کر کے وزیراعظم کو منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔

اہم ترین

شعیب نظامی
شعیب نظامی
Shoaib Nizami reports Finance, Fedeal Board of Revenue, Planning , Public Accounts, Banking, Capital Market, SECP, IMF, World Bank, Asian Development Bank, FATF updates for ARY News

مزید خبریں