کراچی (13 مئی 2026): قومی ٹیسٹ کپتان شان مسعود کی قیادت میں پاکستان نے اب تک 15 میچ کھیلے جن میں سے 11 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
شان مسعود نے ورلڈ کپ 2023 کے بعد بابر اعظم کے کپتانی چھوڑنے کے بعد ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سنبھالی تاہم انہوں نے اپنی کپتانی میں کامیابیاں کم جب کہ ناکامیاں زیادہ سمیٹی ہیں۔
ان کی قیادت میں پاکستان اب تک 15 ٹیسٹ میچ کھیل چکا ہے، جن میں سے 11 میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ بنگلہ دیش کے خلاف قومی ٹیم لگاتار تیسرا میچ ہاری ہے۔
دسمبر 2023 سے اب تک قومی ٹیم نے 6 اوے ٹیسٹ میچ کھیلے۔ تمام میں شکست ہوئی۔ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ میں تو وائٹ واش کی ہزیمت اٹھانا پڑی۔
بنگلہ دیش نے تو پاکستان کو اسی کی سر زمین پر پہلی بار ٹیسٹ میں نہ صرف قومی ٹیم کو ہرایا بلکہ دو صفر سے وائٹ واش کر کے عبرت ناک شکست دی۔
شان مسعود ہی کی قیادت میں انگلینڈ، ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ سے اپنے ہی گھر میں ایک ایک ٹیسٹ میچ ہارے۔
شان مسعود دعوے تو ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل کھیلنے کا کرتے ہیں، مگر کارکردگی شرمناک اور ریکارڈ بدترین بن رہے ہیں۔ ہر ہار کے بعد کپتان غلطیوں کی نشاندہی کرتے، لیکن قابو کیسے پانا ہے یہ نہیں بتاتے۔
پاکستان نے 2023 کے ٹیسٹ سائیکل میں ساتویں جب کہ 2025 کے سائیکل میں آخری نمبر پر فنش کیا۔ موجودہ کارکردگی دیکھ کر لگتا ہے کہ شاید ٹیم اس سے بھی نیچے جانے کی تگ ودو میں مصروف ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


