کوالالمپور(6 اکتوبر 2025): وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان، ملائیشیا کے ساتھ ترقیاتی منصوبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پیر کے روز ملائیشیا کی حکومت اور عوام کی گرمجوشی سے مہمان نوازی پر گہرے شکرگزار ہونے کا اظہار کیا اور اپنے جاری سرکاری دورے کے دوران دوطرفہ تعلقات کو مضبوط کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کے ساتھ پرڈانہ پترا کمپلیکس میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے تجارت، تعلیم، اور علاقائی امن میں تعاون کو مضبوط کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
وزیراعظم شہباز نے کہا کہ ہمارے تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوئے ہیں، اور میں ملائیشیا کے عوام کا ان کے پرتپاک استقبال کے لیے شکریہ ادا کرتا ہوں، ملائیشیا ہمارے لیے دوسرے گھر کی طرح ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملائشیا کے ساتھ بہت مثبت بات چیت ہوئی، دوطرفہ تعلقات اور بین الاقوامی امور پر بھی بات چیت ہوئی، دونوں ممالک کا اہم معاملات پر اتفاق رائے ہے، ملائشیا کو ترقی یافتہ ملک بنانے میں انور ابراہیم کا اہم کردار ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے انور ابراہیم کا دورہ پاکستان یادگار تھا، پاکستان ملائشیا کے ساتھ مل کر مشترکہ منصوبوں پر کام کرنے کا خواہش مند ہے، ڈیڑھ لاکھ پاکستانی ملائشیا کی تعمیر و ترقی میں حصہ لے رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ زیادہ تر امور پر ہمارے خیالات مشترکہ ہیں، آپ کے تجربہ سے استفادے کیلئے مشترکہ منصوبوں کے خواہاں ہیں، ہمارے ملک کی بڑی تعداد میں طلبا ملائشیا میں زیر تعلیم ہیں اور پاکستان سے 20 کروڑ ڈالر مالیت کے حلال گوشت کی برآمد کے فیصلے کا خیر مقدم کرتا ہوں، حلال گوشت کی تجارت کو وقت کے ساتھ مزید بڑھائیں گے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے کہا کہ دہشت گردی پر قابو پانے کے لیے ہر ممکن تعاون کریں گے، وقت کے ساتھ دونوں ممالک کے تعلقات مستحکم ہوئے ہیں، ہمارے خطے میں استحکام کے لیے پاک بھارت امن اہم ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا پُرتپاک استقبال پر ملائیشین ہم منصب سے اظہارِ تشکر


