کراچی(14 مئی 2026): وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری نے پاکستان میری ٹائم اکیڈمی کو باقاعدہ ڈگری ایوارڈنگ ادارہ بنانے کا اعلان کر دیا ہے۔
کراچی میں اکیڈمی کے دورے کے موقع پر وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری نے بتایا کہ اس مقصد کے لیے ضروری قانون سازی کی جا رہی ہے اور متعلقہ بل جلد قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان میری ٹائم اکیڈمی کو دورِ حاضر کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے اصلاحات پر کام کر رہی ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ادارے کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ڈھالنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے تاکہ یہاں سے فارغ التحصیل نوجوان عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کر سکیں۔
دورے کے دوران قائم مقام کمانڈنٹ محمد آصف فاروق نے وفاقی وزیر کو اکیڈمی کی تربیتی سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔
انہوں نے بتایا کہ کیڈٹس کی باقاعدہ تربیت کے ساتھ ساتھ بندرگاہی اہلکاروں کو فائر فائٹنگ جیسے ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے خصوصی تربیت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔
وفاقی وزیر جنید انوار چوہدری نے اکیڈمی کے تربیتی معیار پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میری ٹائم کے شعبے میں پائیدار ترقی کے لیے جدید اور معیاری تربیت ناگزیر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اکیڈمی کو ڈگری دینے کا اختیار ملنے سے طلبہ کے لیے مزید تعلیمی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


