اسلام آباد : شہدائے پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرنے کیلئے 25مئی کو’’یوم تکریم شہدائے پاکستان‘‘ منانے کا فیصلہ کرلیا گیا ،مرکزی تقریب جی ایچ کیو کی یادگارشہدا پر ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج، رینجرز، پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے شہدا اور شہدائے پاکستان کا کردار نا قابل فراموش ہے، وطن پاکستان کےامن وامان اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے قربانیوں کو کبھی بھلایا نہیں جاسکتا۔
شہدائے پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرنےکیلئے 25مئی کو’’یوم تکریم شہدائے پاکستان‘‘ منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، یوم تکریم شہدائے پاکستان کا مقصد جہاں ایک طرف شہداکی لازوال قربانیوں کی یاد تازہ کرنا ہے اور قوم کو یہ بھی پیغام دینا ہے شہدااوران کی فیملیز،یادگاروں کی تکریم اور احترام ہر پاکستانی کا فخر ہے۔
یوم تکریم شہدائے پاکستان میں ملک بھر میں تقریبات کو نمایاں انداز میں پیش کیا جائے گا، تقریبات میں شہدائے پاکستان کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا جا ئے گا۔
خصوصی پروگرام اور تقریبات میں شہدا کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی اور دعائیں ہوں گی اور افواجِ پاکستان ، پولیس ودیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی یادگارشہداکوسلامی دی جائے گی،
یوم تکریم شہدائے پاکستان کے موقع پر جی ایچ کیو کی یادگارشہدا پر مرکزی تقریب ہوگی جبکہ پاک فضائیہ ہیڈکوارٹرز، پاک بحریہ ہیڈکوارٹرز،پولیس کی متعدد یادگار شہدا پرتقریبات شامل ہیں۔
صوبائی دارالخلاف بشمول آزاد کشمیر ،گلگت بلتستان میں بھی یادگار شہداپرتقریبات ہوں گی ، یوم تکریم شہدائے پاکستان تجدیدِ عہد کا یوم ہے، یہ دن نفرتوں ، تلخیوں کو بھلا کر محبت، امن، رواداری ،شہدا سے والہانہ محبت کاپیغام دے گا۔