پاکستانی فلم انڈسٹری کو امجد بوبی کی شکل میں ایک جدّت طراز، تجربات کا شائق اور ایسا موسیقار ملا جس نے ایک طرف خود کو منفرد اور باکمال موسیقار ثابت کیا تو دوسری جانب فلم انڈسٹری بھی ان کی بدولت ایک نئے رجحان سے آشنا ہوئی۔ کئی سدا بہار اور لازوال گیت امجد بوبی کی دھنوں میں سرحد پار بھی گونجے اور انھیں بہت سراہا گیا۔ آج امجد بوبی کی برسی ہے۔
امجد بوبی کا تعلق ایک فن کار گھرانے سے تھا۔ وہ رشید عطرے جیسے عظیم موسیقار کے بھانجے تھے۔ موسیقار وجاہت عطرے ان کے ماموں زاد بھائی تھے، موسیقار صفدر حسین اور ذوالفقار علی اور گلوکار منیر حسین بھی ان کے قریبی عزیز تھے۔ ان کے والد غلام حسین خان بھی کلاسیکی گائیک تھے، لیکن خود کو ایک بڑا موسیقار منوانے کے لیے امجد بوبی کو خاصی محنت کرنا پڑی تھی۔
فلمی تذکروں کے مطابق بہ طور موسیقار ان کی پہلی فلم راجا جانی تھی جس کی نمائش 1976 میں ہوئی۔ اس کے گیت بہت پسند کیے گئے۔ اور یہ بھی کہا جاتا ہے کہ امجد بوبی کی پہلی فلم اک نگینہ (1969ء) تھی۔ اس میں احمد رشدی کے گائے ہوئے دو گیتوں "مل گئی، مل گئی ہم کو پیار کی یہ منزل۔” اور "دل نہیں تو کوئی شیشہ، کوئی پتّھر ہی ملے۔” کے علاوہ آئرن پروین کا گایا ہوا گیت "ساری سکھیوں کے بلم گورے، میرا بلم کالا۔” بڑے خوب صورت گیت تھے۔ اسی سال فلم میری بھابھی پردے پر سجی اور کے گیت بھی اچھّے تھے۔ لیکن کوئی گیت سپرہٹ ثابت نہیں ہوا اور امجد بوبی اپنی پہچان کروانے میں بھی ناکام رہے۔
اسّی کی دہائی میں موسیقار کے طور پر امجد بوبی کی شہرت کا سفر شروع ہوا اور بلاشبہ انھوں نے اپنے فن کا عروج دیکھا۔ فلم نقشِ قدم (1979) میں گلوکار اے نیّر کی آواز میں "کرتا رہوں گا یاد تجھے میں، یونہی صبح و شام، مٹ نہ سکے گا میرے دل سے بینا تیرا نام” وہ گیت تھا جو سپر ہٹ ثابت ہوا۔ امجد بوبی ان موسیقاروں میں سے تھے جنھوں نے اپنے دور کی پاکستانی فلموں کے گیتوں کی بمبئی میں ریکارڈنگ کروائی۔ وہ نئی آوازوں کا تجربہ کرنا چاہتے تھے اور بڑے اعتماد سے یہ تجربہ کرکے کام یابی سمیٹی۔ جاوید شیخ کی فلم ’یہ دل آپ کا ہوا‘ کے لیے امجد بوبی نے اپنی دھن پر بھارتی گلوکار سونو نگم اور کویتا کرشنا مورتی سے گانے گوائے تھے۔ اس طرح امجد بوبی نے پاکستانی فلم انڈسٹری میں ایک نئے رجحان کو فروغ دیا۔
موسیقار امجد بوبی آج ہی کے روز 2005ء میں انتقال کرگئے تھے۔ ان کا آبائی وطن امرتسر تھا۔ وہ 1942ء میں پیدا ہوئے۔ انھوں نے گھونگھٹ، پرورش، کبھی الوداع نہ کہنا، نادیہ، روبی، نزدیکیاں، سنگم، چیف صاحب، گھر کب آؤ گے، یہ دل آپ کا ہوا جیسی فلموں کے لیے موسیقی ترتیب دی۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


