کراچی : پاکستان بحریہ کے جہاز نے بحیرہ عرب سے تقریباً 1 ارب ڈالر کی منشیات پکڑ لیں، جس میں کئی ٹن کرسٹل میتھ ایمفیٹامین اور کوکین شامل ہیں۔
پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس یرموک نے کمبائنڈ میری ٹائم فورسز (CMF) نے سعودی عرب کے زیرِ قیادت کمبائنڈ ٹاسک فورس 150 (CTF-150) کے تحت شمالی بحیرۂ عرب میں انسدادِ منشیات کا ایک بڑا آپریشن کامیابی سے انجام دیا۔
ترجمان پاک بحریہ نے بتایا کہ آپریشن کے دوران 972 ملین امریکی ڈالر مالیت کی منشیات ضبط کی گئی۔
یہ کامیاب کارروائی سمندری سیکیورٹی، عالمی امن اور غیر قانونی اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کی عکاس ہے۔
یہ بات پاکستان اوردوسرے ملکوں کے مشترکہ بحری آپریشن کمبائنڈ میری ٹائم فورس نے بتائی، سی ایم ایف ایک بحری شراکت داری ہے جس میں امریکا بھی شامل ہے۔
سی ایم ایف کا کہنا ہے پاکستانی بحریہ کے جہازنے گزشتہ ہفتے اڑتالیس گھنٹوں کےاندر دو مختلف کشتیوں کو روکا، عملے نے کئی ٹن کرسٹل میتھ ایمفیٹامین اور تھوڑی مقدار میں کوکین قبضے میں لی، یہ بتائے بغیر کہ منشیات لانے والی کشتیاں کہاں سے آرہی تھیں، روکے گئے جہازوں کی کوئی قومیت نہ ہونے کے طور پر شناخت کی گئی۔
سی ایم ایف ٹاسک فورس کے کمانڈر رائل سعودی نیول فورسز کموڈور فہد الجوید کا کہنا ہے یہ سی ایم ایف کے لیے منشیات کی سب سے کامیاب ضبطی تھی۔
امریکی سینٹرل کمانڈ نے ایکس پر ایک پوسٹ میں سی ایم ایف کو مبارک باد دی ہے۔
U.S. Central Command congratulates the Saudi-led Combined Task Force 150 of Combined Maritime Forces for successfully seizing more than $972 million worth of narcotics. Over a 48-hour period, Pakistan Navy Ship Yarmook conducted boarding operations of two dhows in the Arabian…
— U.S. Central Command (@CENTCOM) October 21, 2025
کمبائنڈ ٹاسک فورس 150 کا مقصد سمندری استحکام اور دہشت گردی سمیت غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام ہے، جس کے تحت پی این ایس یرموک نے یہ مؤثر کارروائی کی۔
پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے کامیاب آپریشن پر پی این ایس یرموک کے عملے کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا پاک بحریہ قومی بحری مفادات کے تحفظ اور بین الاقوامی میری ٹائم سیکیورٹی میں اپنا فعال کردار ادا کرتی رہے گی۔
نیول چیف کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب کی زیر قیادت فورس میں پی این ایس یرموک کی تعیناتی سے پاکستان اور سعودی عرب کے دفاعی تعاون کو مزید تقویت ملے گی اور مشترکہ آپریشنز کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔
انجم وہاب اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں اور تجارت، صنعت و حرفت اور دیگر کاروباری خبریں دیتے ہیں


