اسلام آباد: پاک بحریہ کی جانب سے اینٹی شپ بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا گیا، صدر، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے کامیاب تجربے پر مبارکباد دی ہے۔
آئی ایس پی آر نے جاری بیان میں کہا کہ پاک بحریہ نے مقامی طور پر تیار کردہ بحری جہاز سے اینٹی شپ بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا، میزائل انتہائی درستگی کے ساتھ سمندری اور زمینی اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
یہ نظام جدید ترین گائیڈنس سے لیس اور اس میں نقل و حرکت کی خصوصیات موجود ہیں، چیف آف دی نیول اسٹاف نے سینئر سائنسدانوں اور انجینئرز کے ہمراہ فلائٹ ٹیسٹ کا مشاہدہ کیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ یہ کامیاب تجربہ پاکستان کی تکنیکی مہارت اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے پاک بحریہ کے غیر متزلزل عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
صدر پاکستان، وزیراعظم پاکستان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے اس سنگ میل کی کامیابی پر حصہ لینے والے یونٹس اور سائنسدانوں کو مبارکباد دی ہے۔


