راولپنڈی : پاک بحریہ نے فضا سے سطح سمندر پر مار کرنے والے کروز میزائل ‘تیمور’ کا کامیاب تجربہ کرلیا، یہ میزائل مقامی طور پر تیار کردہ ایک جدید اینٹی شپ ویپن سسٹم ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاک بحریہ نے اپنی جنگی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے مقامی طور پر تیار کردہ فضا سے سطحِ سمندر پر مار کرنے والے کروز میزائل ‘تیمور’ کا کامیاب تجربہ کیا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا کہ اس تجربے کے دوران سمندر میں ہدف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنا کر آپریشنل تیاریوں کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ میزائل نے طویل فاصلے سے اپنے ہدف کو کامیابی سے تباہ کیا، اس تجربے سے پاک بحریہ کی ان صلاحیتوں کی توثیق ہوتی ہے جن کے ذریعے وہ سمندر میں درپیش خطرات کی نشاندہی کر کے انہیں فیصلہ کن انداز میں نشانہ بنا سکتی ہے۔
یہ میزائل مقامی طور پر تیار کردہ ایک جدید اینٹی شپ ویپن سسٹم ہے، جو قومی دفاعی صلاحیتوں میں ایک اہم اضافہ قرار دیا جا رہا ہے۔
اس کامیاب تجربے سے مسلح افواج کی مربوط دفاعی صلاحیتوں کو مزید تقویت ملی ہے، جس سے پاکستان کی بحری حدود کا دفاع مزید ناقابلِ تسخیر ہو گیا ہے۔
اس اہم کامیابی پر صدرِ پاکستان، وزیراعظم، چیف آف ڈیفنس فورسز اور تمام سروسز چیفس نے قوم کو مبارکباد پیش کی، انہوں نے اس سنگِ میل کے حصول پر پاکستانی سائنسدانوں اور انجینئرز کی انتھک محنت اور پیشہ ورانہ مہارت کو بھرپور سراہا۔
پاک بحریہ نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ قومی بحری مفادات اور پاکستان کی سمندری حدود کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار اور پر عزم ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


