لاہور (18 اکتوبر 2025): پاکستان کرکٹ میں ایک بار پھر قیادت تبدیل کی جا رہی ہے ون ڈے ٹیم اور ٹی 20 کی قیادت کون کرے گا اہم خبر آ گئی ہے۔
پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے اور ٹی 20 سیریز کھیلنی ہے، اس کے بعد پاکستان سہ فریقی سیریز کی بھی میزبانی کرے گا۔
ون ڈے سیریز میں محمد رضوان کی قیادت پر خطرات کے بادل منڈلا رہے ہیں جب کہ ٹی 20 فارمیٹ میں ایشیا کپ میں ٹیم کی بدترین کارکردگی پر شائقین کرکٹ ٹیم کی قیادت تبدیل کرنے کا پر زور مطالبہ کر رہے ہیں۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ون ڈے ٹیم کا کپتان تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور محمد رضوان کو قیادت سے ہٹا کر فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو ٹیم کی کمان دیے جانے کا امکان ہے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ میں بدترین کارکردگی اور شائقین کرکٹ وتجزیہ کاروں کی ٹی 20 کے کپتان پر کڑی تنقید کے باوجود پی سی بی نے سلمان علی آغا پر اعتماد برقرار رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے انہیں عہدے پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے اسکواڈ کا اعلان پیر کو متوقع ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


