اسلام آباد: عالمی منڈی میں اتار چڑھاؤ کے باوجود پاکستان میں ایندھن کی سپلائی مستحکم ہے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت پیٹرولیم مصںوعات کی قیمتوں سے متعلق نگرانی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں بریفنگ دی گئی کہ ملک میں ڈیزل کے ذخائر 24 دن اور پیٹرول وافر مقدار میں موجود ہے۔
اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ خام تیل کا ایک جہاز کراچی پہنچ گیا ہے جبکہ دوسرا چند گھنٹے میں پہنچے گا، مارچ اور اپریل کے لیے مزید تیل درآمدات کے انتظامات جاری رہیں گے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ عوام پر بوجھ کم رکھتے ہوئے ایندھن کی فراہمی یقینی بنائیں گے، انہوں نے روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹ اور سپلائی مانیٹرنگ جاری رکھنے کی ہدایت بھی کی۔
یہ پڑھیں: پاکستان میں پیٹرول بحران کا خدشہ! حکومت کے پاس 2 آپشن رہ گئے
اعلامیے کے مطابق اجلاس میں ایندھن کی مصنوعی قلت روکنے کے لیے سخت نگرانی کا فیصلہ کیا گیا اور صوبائی حکومتوں کو ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی گئی۔
وزیر خزانہ کو بریفنگ دی گئی کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیاں مکمل آپریشنل رہیں گی، قلت کا خدشہ نہیں ہے۔
علاوہ ازیں ڈیجیٹل ڈیش بورڈ کے ذریعے ایندھن ذخائر کی مانیٹرنگ کا فیصلہ کیا گیا، حکومت نے توانائی سپلائی کے ذرائع متنوع بنانے کے لیے عالمی رابطے تیز کرنے پر بھی غور کیا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


