اسلام آباد: پیٹرولیم ڈیلرز نے یومیہ قیمتوں کے نظام کا خیرمقدم کرتے ہوئے حکومتی پالیسی کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔
وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک سے پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات ہوئی جس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اصلاحات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ یومیہ پیٹرولیم قیمتوں کا نیا نظام 7 روزہ رولنگ ایوریج پر مبنی ہوگا، ہفتہ وار قیمتوں کا سابقہ نظام بھی 7 روزہ اوسط قیمت پر ہی مبنی تھا۔
انہوں نے کہا کہ یومیہ قیمتوں سے شفافیت بڑھے گی، مارکیٹ میں بگاڑ، ذخیرہ اندوزی کی حوصلہ شکنی ہوگی، ڈیلرز کی تمام جائز آرا کو قواعد و ضوابط کی تیاری میں لازمی شامل کیا جائے گا۔
یہ پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یومیہ ردوبدل، اوگرا کیلئے گائیڈ لائنز
علی پرویز ملک نے کہا کہ ڈیلرز کے مارجن ودیگر امور پر پی پی ڈی اے اور اوگرا میٹنگ کل منعقد کروائی ہے، حکومت شفاف، مسابقتی، صارف دوست پیٹرولیم مارکیٹ کے قیام کے لیے پرعزم ہے۔
وفاقی وزیر نے حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کی حمایت پر وفد کا شکریہ ادا کیا۔
پی پی ڈی اے وفد نے کہا کہ آبنائے ہرمز بحران میں پیٹرولیم مصنوعات کی بلاتعطل فراہمی پر حکومت کو خراج تحسین ہے، عالمی سطح پر پیٹرولیم قلت کے باوجود ایندھن کی فراہمی موثر انداز میں برقرار رہی۔
پی پی ڈی اے کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم ڈیلرز، او ایم سیز میں ضوابط کی تیاری میں ڈیلرز کو شامل کیا جائے جبکہ ڈیلر مارجن 8 فیصد کرنے کے مطالبے پر وفاقی وزیر نے غور کی یقین دہانی کروائی ہے۔


