بدھ, اکتوبر 7, 2026
اشتہار

وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم! ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند کرنے کی دھمکی

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے حکومت کی جانب سے شروع کی گئی فیول ریلیف اسکیم کو ڈیلرز کے لیے شدید مالی خطرہ قرار دیتے ہوئے مطالبات نہ ماننے کی صورت میں ملک گیر پمپس بند کرنے کی دھمکی دے دی۔

تفصیلات کے مطابق پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے آج رات سے حکومت کے ریلیف پیکیج کے تحت پٹرول اور ڈیزل کی فراہمی شروع کرنے کا اعلان کردیا، تاہم مالی تحفظ کی حکومتی ضمانت نہ ملنے کی صورت میں ملک بھر میں پٹرول پمپس بند کرنے کی دھمکی بھی دے دی۔

چیئرمین پی پی ڈی اے ملک خدا بخش نے کہا کہ حکومت نے ریلیف اسکیم پر مالی تحفظ کی گارنٹی نہ دی تو اسکیم پر عملدرآمد ممکن نہیں ہوگا اور ریلیف اسکیم پر زبردستی عملدرآمد کرایا گیا تو ملک بھر کے تمام پٹرول پمپس بند کردیں گے۔

ملک خدا بخش کا کہنا تھا کہ 12 سے 14 ہزار پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے ساتھ شامل ہیں، عوام کو ریلیف دینے کے نام پر ڈیلرز کا سرمایہ داؤ پر لگانے کی اجازت نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی ریلیف اسکیم ڈیلرز کے لیے مالی خطرہ ہے، اسکیم تیار کرتے وقت ڈیلرز سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی۔ ڈیلرز کے اربوں روپے پھنسنے کی صورت میں نقصان کی ذمہ داری کون اٹھائے گا؟

چیئرمین پی پی ڈی اے نے کہا کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے اربوں روپے پہلے ہی واجب الادا ہیں، نئی اسکیم کا بوجھ ڈیلرز پر کیوں ڈالا جا رہا ہے؟ حکومت ریلیف دینا چاہتی ہے تو ڈیلرز کے سرمائے پر بوجھ نہ ڈالے۔

پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت ریلیف اسکیم کے موجودہ طریقہ کار پر فوری نظرثانی کرے اور ڈیلرز کا سرمایہ پھنسنے کی صورت میں مالی تحفظ کی ضمانت فراہم کرے۔

ملک خدا بخش نے حکومت سے پٹرولیم ڈیلرز کا منافع بڑھا کر 8 فیصد کرنے اور روزانہ قیمتیں تبدیل کرنے کے بجائے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 30 روز کے لیے مقرر کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

اہم ترین

انجم وہاب
انجم وہاب
انجم وہاب اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں اور تجارت، صنعت و حرفت اور دیگر کاروباری خبریں دیتے ہیں

مزید خبریں