حکومت پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کی کرکٹ ٹیم بھارت کیخلاف 15فروری کو ٹی20 ورلڈکپ 2026 کا میچ کھیلے گی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان کی حکومت نے کہا ہے کہ ٹی20 ورلڈکپ میں پاکستان بھارت کے خلاف 15فروری کو شیڈول میچ کھیلے گا، حکومتی اعلامیے میں کہا گیا کہ حکومت نے قومی ٹیم کو 15 فروری 2026 کو بھارت کیخلاف میچ کھیلنے کی ہدایت دیدی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آج فخر اور شکر کا لمحہ ہے! چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی قوم کو مبارکباد
اعلامیہ میں کہا گیا کہ قومی ٹیم آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈکپ میں بھارتی ٹیم کیخلاف شیڈول میچ میں حصہ لے گی، وزیراعظم کو محسن نقوی نے آئی سی سی نمائندوں اور بی سی بی میں بات چیت کے نتائج پر بریفنگ دی۔
پاکستانی حکومت کے اعلامیے میں کہا گیا کہ بنگلادیش کرکٹ بورڈ کی باضابطہ درخواستوں کا حکومت پاکستان نے جائزہ لیا۔
مزید پڑھیں: پاک بھارت میچ کرانے کےلیے سری لنکن صدر بھی میدان میں آگئے
سری لنکا، یو اے ای اور دیگر ممالک نے حل کیلئے پاکستان سے درخواست کی، بنگلادیشی کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام کے بیان اور اظہار تشکر کو سراہا گیا، حکومت بی سی بی صدر امین الاسلام کے بیان کا خیر مقدم کرتی ہے۔
حکومتی اعلامیہ میں کہا گیا کہ بنگلادیش کی طرف سے اظہارتشکر کا بڑی گرمجوشی کیساتھ خیرمقدم کرتے ہیں، پاکستان اس بات کا اعادہ کرتا ہے کہ وہ بنگلادیش کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔
اعلامیہ کے مطابق مشاورت کے بعد حکومت نے قومی ٹیم کو 15 فروری کا میچ کھیلنے کیلئے میدان میں اترنے کی ہدایت دی، حکومت کا فیصلہ کرکٹ کی روح کے تحفظ، عالمی کھیل کے تسلسل کی حمایت ہے
حکومت کی جانب سے بھارت کیخلاف میچ کھیلنے کا فیصلہ شریک ممالک کی درخواست پر لیا گیا، وزیراعظم اور پاکستانی عوام "مین ان گرین” کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ یقین ہے قومی کرکٹ ٹیم کھیل کے جذبے اور فخر سے عالمی سطح پر قومی شان کیلئے میدان میں اترے گی۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


