جینوا : پاکستان کے خلاف بھارت کی ایک اور گھناؤنی سازش سامنے آگئی، سوئٹرزلینڈ کے شہر جینیوا میں آزاد بلوچستان کے اشتہار لگ گئے، جس پر پاکستان نے سوئٹرزلینڈ سے شدید احتجاج کیا۔
تفصیلات کے مطابق بھارت کی پاکستان کے خلاف ایک اور مذموم سازش ، کالعدم تنظیم بلوچستان لبریشن آرمی اوربھارتی گٹھ جوڑکھل کرسامنے آگیا، جنیوا میں بسوں اور الیکڑونک بورڈ پر آزاد بلوچستان کے اشتہارات لگ گئے۔
پاکستان نے گھناؤنی اشتہاری مہم پر شدید احتجاج کیا، اقوام متحدہ جینوا میں پاکستان کے مستقل مندوب فرخ عامل نے سوئس ہم منصب کو مراسلہ کیا، جس میں پاکستانی سفیر نے اشتہاری مہم کی مذمت کرتے ہوئے سوئس حکومت سے مہم میں ملوث دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
مراسلے کے مطابق سوئٹرزلینڈ میں آزادبلوچستان کا نعرہ پاکستان کی سالمیت وخود مختاری پرحملہ ہے، پاکستان کیخلاف سوئس سرزمین کا استعمال باعث تشویش ہے، کالعدم بلوچ لبریشن آرمی دہشتگرد تنظیم ہے، جو سیکورٹی فورسز،شہریوں پر حملوں میں ملوث ہے، برطانیہ میں اس تنظیم اور امریکا میں اس کے کئی نمائندوں کو دہشتگرد قراردیا گیا ہے۔
پاکستان نے سوئس حکومت سے بی ایل اے اور اشتہاری کمپنی کیخلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس بات کویقینی بنایا جائے کہ مستقبل میں ایسا نہ ہو۔
پاکستان نے مستقل مشن اورسفارتکاروں کوبھی تحفظ فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔