کراچی (18 جون 2026): ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ (ڈی ایس) ریلوے لاہور انعام اللہ خان نے بہترین پیشہ ورانہ کارکردگی اور کامیاب انسدادِ تجاوزات آپریشن میں نمایاں کردار ادا کرنے پر ریلوے پولیس اور ریلوے کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افسران و اہلکاروں کو خصوصی تعریفی اسناد سے نوازا، تقریب میں ایس پی ریلوے پولیس ثنا الرحمن بھی موجود تھے۔
اس موقع پر ڈی ایس ریلوے لاہور نے ریلوے اراضی واگزار کروانے کے لیے بھرپور محنت، مؤثر حکمت عملی، ریلوے حدود سے غیر قانونی 11 کلو واٹ کی لائن فیڈر کو منقطع کرنے اور بہترین ٹیم ورک کا مظاہرہ کرنے والے افسران و اہلکاروں کی خدمات کو سراہا۔
تعریفی اسناد حاصل کرنے والوں میں ایس ایچ او ریلوے پولیس فیصل آباد کنور عمیر ساجد، ایس ایچ او جڑانوالہ شوکت علی، اے ای این فیصل آباد اسد جمال، آئی او ڈبلیو فیصل آباد ظہیر احمد اور سید نوید الحسن اسسٹنٹ الیکٹرک فورمین لاہور شامل ہیں۔
یہ اعزاز انھیں 3 جون 2026 کو فیصل آباد میں کامیابی سے مکمل کیے گئے انسدادِ تجاوزات آپریشن میں نمایاں کردار ادا کرنے پر دیا گیا۔ مذکورہ آپریشن کے دوران تقریباً 40 سال سے ناجائز قبضے میں موجود ریلوے اراضی کو واگزار کروایا گیا تھا، جس کی مالیت کروڑوں روپے بنتی ہے، اور ریلوے پھاٹک چیچو کی ملیاں میں ریلوے حدود سے 11 KV کی لائن فیڈر کے کنکشن کو منقطع کرنے پر دیا گیا۔
ڈی ایس ریلوے لاہور انعام اللہ خان نے اس موقع پر کہا کہ ریلوے کی قیمتی اراضی کو ناجائز قابضین سے واگزار کروانا قومی اثاثوں کے تحفظ کے لیے انتہائی اہم ہے۔ انھوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی ایسے مؤثر آپریشنز جاری رکھے جائیں گے اور بہترین کارکردگی دکھانے والے افسران و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ برقرار رکھا جائے گا۔




