منگل, اگست 11, 2026
اشتہار

مختلف علاقوں میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری، گاؤں دریا برد، رابطہ سڑکیں تباہ

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی (21 جولائی 2026): ملک کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارش اور سیلابوں نے تباہی مچا دی گاؤں دریا برد اور رابطہ سڑکیں تباہ ہو گئیں۔

خیبر پختونخوا اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچا دی ہے۔ رابطہ سڑکیں تباہ ہونے سے سیلابی پانی میں متعدد افراد پھنس گئے ہیں۔ مردان کے علاقے تخت بھائی کے علاقے میں بارش کے دوران گھر کی چھت گرنے سے تین افراد زخمی ہو گئے۔

سیلابی پانی میں پھنسے لوگوں کو محفوظ مقام پر پہنچانے کیلیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ اکوڑہ خٹک میں سیلاب میں پھنسے 12 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ آدم زئی کے قریب سیلاب میں پھنسے 5 افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔

نوشہرہ میں جہانگیرہ اسٹاپ اور فضل بارگین کے مقام پر سیلابی پانی میں 14 گاڑیاں پھنس گئیں۔ ریسکیو ٹیموں نے ریکوری وہیکلز کی مدد سے گاڑیوں کو بحفاظت پانی سے نکال کر محفوط مقام پر منتقل کر دیا۔

جہانگیرہ اسٹاپ، فضل بارگین کے مقام پر سیلاب میں پھنسی 14 گاڑیوں کومحفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔ ڈسٹرکٹ ایجنسی افسر ملک اشفاق کے مطابق شدید بارشوں کے پیش نظر ریسکیو کی تمام ٹیمیں ہائی الرٹ ہیں۔

پنڈی بھٹیاں دریائے چناب میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہونے سے گردونواح کے نشیبی علاقوں میں رہنے والے مکینوں میں تشویش پائی جا رہی ہے مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اگر پانی کی سطح مزید بڑھی تو متعدد دیہات زیرِ آب آنے کا خدشہ ہے۔

دریائے چناب میں سیلابی پانی کے کٹاؤ کے باعث میاں وال گاؤں دریا برد ہو گیا جب کہ ڈوھم سدیداں اور وڈسیداں کے علاقوں کو بھی دریائی کٹاؤ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے باعث درجنوں مکانات بہہ گئے متاثرہ گاؤں کے رہائشیوں نے محفوظ مقام پر منتقلی شروع کر دی۔

راولپنڈی میں نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 8 فٹ تک بلند ہو گئی ہے جب کہ۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں بارشوں کے پیش نظر ریسکیو 1122 راولپنڈی الرٹ ہے۔

نالہ لئی کے اطراف اور نشیبی علاقے میں ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں۔ ریسکیو اہلکار کٹاریاں، گوالمنڈی اور دیگر نشیبی علاقے میں تعینات کیے گئے ہیں، جو بارشوں کے دوران ریسکیو اہلکار ڈیوٹی پر موجود رہیں گے

ریسکیو 1122 حکام نے نالہ لئی کے قریب رہائشی افراد کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے ساتھ والدین کو ہدایت کی ہے کہ دوران بارش بچوں کو نالہ لئی اور بجلی کے کھمبے کے پاس ہرگز نہ جانے دیں۔

لاہور کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ لاہور میں موسلادھار بارش پیشگوئی کے باعث کمشنر نے نکاسی آب پر مامور محکمے، ٹریفک پولیس اور انتظامی محکموں کو الرٹ رہنے کے ساتھ تمام مطلوبہ مشینری نشیبی ایریاز اور ہاٹ اسپاٹس کے قریب موجود رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

حافظ آباد شہر اور گردو نواح میں موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ سیالکوٹ میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی۔ پسرور، وزیر آباد، ملکوال، ڈسکہ میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ میرپور آزاد کشمیر اور گرد ونواح میں موسلادھار بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔

مون سون کی بارشوں اور سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی، متعدد افراد جاں بحق

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں