اشتہار

’پاکستان نے فرنس آئل سے چلنے والے پلانٹس دوبارہ فعال کردیے‘

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: انڈیپنڈنٹ سسٹم اینڈ مارکیٹ آپریٹر کے ایک عہدیدار نے اعتراف کیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری بحران کے شدت اختیار کرنے اور اہم آبی گزرگاہ میں بحری جہازوں کی آمدورفت کو لاحق خطرات بڑھنے کے باعث پاکستان کو بجلی کی پیداوار برقرار رکھنے کے لیے فرنس آئل سے چلنے والے پلانٹس کو دوبارہ فعال کرنا پڑا ہے۔

آبنائے ہرمز، جہاں سے امریکا اور اسرائیل کی جانب سے فروری کے اواخر میں ایران پر حملے اور اس کے نتیجے میں مشرقِ وسطیٰ میں جنگ شروع ہونے سے قبل دنیا کے تقریباً پانچویں حصے کا تیل اور ایل این جی گزرتی تھی، اب بھی اس تنازع کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ تہران کی جانب سے تجارتی جہازوں کی گزرگاہ میں رکاوٹیں ڈالنے اور مبینہ طور پر بغیر اجازت گزرنے والے بحری جہازوں پر فائرنگ کے واقعات سامنے آئے ہیں۔ دوسری جانب واشنگٹن نے ایران کی بندرگاہوں کے خلاف جوابی ناکہ بندی شروع کردی ہے تاکہ تہران کو اپنا تیل برآمد کرنے سے روکا جاسکے۔

تاہم، دونوں جانب سے جاری جوابی کارروائیوں کے نتیجے میں ان ممالک کے لیے توانائی کے بحران کا خطرہ بڑھ گیا ہے جو بجلی کی پیداوار کے لیے درآمدی ایندھن پر انحصار کرتے ہیں، جن میں پاکستان بھی شامل ہے۔

انڈیپنڈنٹ سسٹم اینڈ مارکیٹ آپریٹر کے عہدیدار نے پیر کو ہونے والی عوامی سماعت کے دوران کہا، “ہم نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ ہمیں فرنس آئل سے چلنے والے پلانٹس دوبارہ چلانے پڑیں گے۔”

بجلی کا بحران بڑھ گیا، لوڈشیڈنگ میں اضافہ

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے یہ عوامی سماعت صنعتی اور زرعی صارفین کے لیے متعارف کرائے گئے بجلی کے استعمال کے پیکیج کا جائزہ لینے کے لیے منعقد کی تھی۔ وزارتِ توانائی (پاور ڈویژن) نے بجلی کی پیداواری لاگت میں اضافے کے بعد اس پیکیج پر نظرثانی کی درخواست کی تھی۔

اس پیکیج کے تحت صنعتی اور زرعی صارفین کے لیے بجلی کا ٹیرف 22.98 روپے فی یونٹ مقرر کیا گیا تھا۔ یہ مراعاتی پیکیج سابق واپڈا کی بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں اور کے-الیکٹرک کے دائرۂ کار میں آنے والے صنعتی اور نجی زرعی صارفین کے لیے نافذ ہے۔ اس کا اطلاق ٹائم آف یوز (ToU) اور نان ٹائم آف یوز (N-ToU) دونوں صارفین پر ہوتا ہے، جبکہ بجلی کے اضافی استعمال کے پیک اور آف پیک اوقات بھی اس میں شامل ہیں۔

عوامی سماعت کے دوران پاور ڈویژن نے پیکیج پر نظرثانی کی درخواست جمع کرائی۔ نیپرا نے یہ پیکیج 9 دسمبر 2025 کو منظور کیا تھا، جبکہ اس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن 10 دسمبر 2025 کو جاری کیا گیا، جس کے تحت اس پیکیج کا اِطلاق اگلے تین سال تک رہنا تھا۔

پاور ڈویژن کا مؤقف تھا کہ 22.98 روپے فی یونٹ کے مقررہ ٹیرف پر نمایاں دباؤ پیدا ہوگیا ہے، کیونکہ کئی ماہ تک بجلی کی اوسط اضافی پیداواری لاگت مقررہ نرخ سے زیادہ رہی۔ دسمبر سے مئی کے دوران بجلی کی اوسط اضافی لاگت 27.58 روپے فی یونٹ تک پہنچ گئی، جبکہ ترسیلی و تقسیمی نقصانات کو مدنظر رکھنے کے بعد یہی اوسط لاگت مزید بڑھ کر 31.83 روپے فی یونٹ ہوگئی۔

بجلی کے شعبے کے ریگولیٹر کی جانب سے منظوری تک اس اضافی لاگت کا فرق دیگر تمام صارفین پر منتقل کیا جارہا ہے، جو جاری ششماہی جائزے کے دوران بنیادی تشویش کا باعث بن گیا ہے۔

اس پیکیج میں بجلی کے استعمال میں اضافے سے متعلق ایک الگ حفاظتی شق بھی شامل ہے۔ اس شق کے تحت صنعتی اور زرعی شعبے کی مجموعی بجلی کی کھپت مقررہ بنیادی سطح سے 25 فیصد سے زائد بڑھنے کی صورت میں پیکیج پر نظرثانی شروع کی جاسکتی ہے۔

جنوری میں بجلی کی ماہانہ کھپت میں 25 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ فروری میں یہ شرح 26 فیصد رہی۔ اپریل میں ماہانہ کھپت میں سب سے زیادہ 34 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا۔ دیگر مہینوں میں کھپت میں اضافہ 25 فیصد کی مقررہ حد سے کم رہا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں