کراچی: پاکستان کو سعودی عرب سے مزید ایک ارب ڈالر موصول ہوگئے، یہ حالیہ معاہدے کے تحت طے شدہ 3 ارب ڈالر ڈپازٹ کی دوسری قسط ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے تصدیق کی ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے اعلان کردہ 3 ارب ڈالر کے مالیاتی پیکج کی دوسری قسط کے طور پر ایک ارب ڈالر موصول ہو گئے ہیں۔
اسٹیٹ بینک نے اپنے آفیشل ایکس (ٹویٹر) اکاؤنٹ پر جاری بیان میں بتایا کہ "سعودی عرب کی وزارتِ خزانہ کی جانب سے ایک ارب ڈالر کے فنڈز 20 اپریل 2026 کو موصول ہوئے ہیں۔ یہ حالیہ معاہدے کے تحت طے شدہ 3 ارب ڈالر ڈپازٹ کی دوسری قسط ہے۔”
اس سے قبل 15 اپریل 2026 کو سعودی عرب نے 2 ارب ڈالر کی پہلی قسط اسٹیٹ بینک میں جمع کرائی تھی، نئی قسط کے بعد حالیہ امدادی پیکج کی کل رقم 3 ارب ڈالر مکمل ہو گئی ہے۔
وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سعودی عرب کے پہلے سے موجود 5 ارب ڈالر کے ڈپازٹس اب سالانہ رول اوور کے بجائے طویل مدت کے لیے پاکستان کے پاس رہیں گے۔
وزیرِ خزانہ نے ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے اسپرنگ اجلاسوں کے موقع پر واضح کیا تھا کہ سعودی عرب کا یہ تعاون پاکستان کی بیرونی مالیاتی حکمتِ عملی کا اہم حصہ ہے۔ ان فنڈز کی آمد سے نہ صرف ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا بلکہ آئی ایم ایف کے ساتھ جاری مذاکرات میں بھی پاکستان کی پوزیشن مضبوط ہوگی۔
معاشی ماہرین کے مطابق، محض ایک ہفتے کے اندر سعودی عرب سے 3 ارب ڈالر کی آمد روپے کی قدر میں استحکام اور عالمی مارکیٹ میں پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ کو بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔
انجم وہاب اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں اور تجارت، صنعت و حرفت اور دیگر کاروباری خبریں دیتے ہیں


