تازہ ترین

بھارتی درخواست مسترد، پاکستان کا نریندر مودی کو اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دینے سے انکار

اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی وزیراعظم کو فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔

وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی جانب سے جاری ہونے والے ویڈیو پیغام میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی ہائی کمیشن کو فیصلے سے آگاہ کردیا گیا کہ نریندر مودی کا جہاز پاکستانی فضائی حدود سے نہیں گزر سکتا۔

اُن کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیرکی موجودہ صورتحال کے تناظر میں بھارتی درخواست مستردکی، اجازت سےانکارکی ایک بڑی وجہ بھارتی حکومت کارویہ بھی ہے۔

یاد رہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کے لیے بیس ستمبر کو امریکا جانا تھا، بھارت سے امریکا جانے کے لیے بھارت کو پاکستانی فضائی حدود کا استعمال ناگزیر تھا۔ بھارتی حکام نے پاکستان سے فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت کے لیے درخواست کی تھی جسے مسترد کردیا گیا ہے، اب مودی کے طیارے کو لمبا پھیرا لے کر امریکا جانا ہوگا۔

یاد رہے کہ بھارتی حکومت نے کشمیر کی خصوصی حییثیت ختم کر کے وہاں 47 روز سے کرفیو نافذ کیا ہوا ہے، مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہی ہے جبکہ کئی شہادتوں کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔

اپنا گھناؤنا چہرہ چھپانے کے لیے مودی حکومت نے وادی میں موبائل ، انٹرنیٹ اور سیٹلائٹ سروسز بند کر رکھی ہیں جبکہ مسلسل کرفیو کے باعث اشیائے خوردونوش اور جان بچانے والی ادویات کی قلت ہوگئی۔

Comments

- Advertisement -