اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی قیادت کے غیر ذمہ دارانہ بیانات کو مسترد کر دیا، دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارتی صدر اور وزیر اعظم کے حالیہ بیانات توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارتی صدر رام ناتھ کووند اور وزیر اعظم نریندر مودی کے حالیہ بیانات بھارت اور مقبوضہ کشمیر کی صورت حال سے توجہ ہٹانے کی ایک کوشش ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر اور اقلیتوں کے خلاف مظالم دنیا سے چھپانا چاہتا ہے، پاکستان میں اقلیتوں کے ساتھ بد سلوکی کے الزامات منفی پروپیگنڈا ہے، آر ایس ایس اور بی جے پی نے بابری مسجد کی بے حرمتی کی، گجرات میں ہزاروں مسلمانوں کی نسل کشی کی گئی۔
پاکستان بھارتی مسلمانوں کو بھڑکانے کی کوشش کرتا ہے، مودی کا نیا الزام
وزارت خارجہ نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز جرائم کے واقعات ہو رہے ہیں، عدم رواداری اور انتہا پسند ہندووتوا نظریے نے بھارتی اداروں کو گھیر رکھا ہے، بھارت کی اقلیتوں سمیت علاقائی امن و استحکام کو بھی خطرہ لا حق ہو چکا ہے۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان دنیا سے بھارت میں اقلیتوں اور مقبوضہ کشمیر میں غیر قانونی اقدامات دیکھنے کا مطالبہ کرتا ہے۔
خیال رہے کہ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ریاستی انتخابات کے لیے پولنگ آج ہوگی، جہاں عام آدمی پارٹی اور بی جے پی میں کانٹے کا مقابلہ ہے، الیکشن میں کامیابی کے لیے بی جے پی کی جانب سے مسلم دشمنی کی بنیاد پر انتخابی مہم چلائی گئی۔