نیویارک(27 ستمبر 2025): پاکستانی قونصلر صائمہ سلیم نے کہا ہے کہ بھارت میں اقلیتوں پر مظالم ڈھائے جا رہے ہیں وہاں اقلیتوں کوآزادی کیساتھ عبادت کی اجازت نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستانی قونصلر صائمہ سلیم نے خطاب میں کہا جموں و کشمیر متنازع علاقہ ہے، جو کبھی بھی بھارت کا حصہ نہیں رہا، بھارت نے یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدہ معطل کیا، بھارت نے سندھ طاس معاہدہ معطل کرکے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی۔
صائمہ سلیم کا کہنا تھا کہ بھارت میں اقلیتوں پر مظالم ڈھائے جا رہے ہیں، بھارت میں اقلیتوں کو آزادی کیساتھ عبادت کی اجازت نہیں، اقلیتوں کو دبانا اب بھارتی حکومت کی سرکاری پالیسی بن چکی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گجرات فسادات کو دنیا آج بھی ظلم وبر بریت کی مثال کے طور پر یاد کرتی ہے، گجرات میں ہزاروں مسلمانوں کا قتل عام کیا گیا، بھارت میں اسلاموفوبیا کو سیاست میں معمول اور میڈیا میں فخر سمجھا جا رہا ہے۔
اقوام متحدہ میں پاکستانی قونصلر صائمہ سلیم نے مزید کہا کہ بھارت سرحد پار تشدد کو فروغ دے رہا ہے، خطے کو غیر مستحکم کرنے کیلئے بھارت پراکسی گروپس استعمال کر رہا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


