پیر, ستمبر 7, 2026
اشتہار

پاکستان کا بھارتی وزیرِ داخلہ کے الزامات پر سخت ردعمل

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : پاکستان نے بھارتی وزیر داخلہ کے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا گرفتاریوں کو پاکستان سے جوڑنے کے الزامات بے بنیاد ہیں اور بھارت کی بدنیتی پر مبنی مہم کا مظہر ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان نے بھارتی وزیر داخلہ کی جانب سے پاکستان پر عائد کیے گئے الزامات کو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ بھارت کی جانب سے بعض گرفتاریوں کو پاکستان سے جوڑنے کے الزامات بے بنیاد ہیں اور یہ پاکستان مخالف پروپیگنڈا بھارت کی بدنیتی پر مبنی مہم کا مظہر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت اپنے اندرونی سکیورٹی مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان کو موردِ الزام ٹھہرا رہا ہے۔ بھارت اندرون ملک اقلیتوں پر مبینہ طور پر سخت مظالم ڈھانے کے ساتھ ساتھ اختلافِ رائے کو بھی دبا رہا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ بھارت کو بیرون ملک دہشت گردی اور دہشت گرد عناصر کی معاونت کے الزامات کا سامنا ہے، جبکہ پاکستان کے خلاف بے بنیاد الزامات عالمی برادری کی توجہ مبینہ بھارتی ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی سے نہیں ہٹا سکتے۔

طاہر حسین اندرابی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان متعدد بار بھارت کے دہشت گردی اور خطے میں عدم استحکام میں ملوث ہونے کے شواہد عالمی سطح پر پیش کرچکا ہے اور بھارتی بحریہ کے کمانڈر کلبھوشن یادیو کی پاکستان میں گرفتاری اور سزا بھی بھارتی تخریبی سرگرمیوں کا ثبوت ہے۔

ترجمان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کے بے بنیاد الزامات کو مسترد کرے اور خطے میں مبینہ ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی کے معاملے پر بھارت کو جوابدہ ٹھہرائے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں