The news is by your side.

Advertisement

پاک سعودی مذاکرات کامیاب، پاکستان کا حج کوٹا بحال

اسلام آباد: حج کوٹا کے معاملے پر پاکستان اور سعودی عرب کے در میان مذاکرات کامیاب ہوگئے، پاکستان کا پرانا حج کوٹا بحال کردیا گیا جس کے تحت رواں برس 1 لاکھ 79 ہزار پاکستانی حج کرسکیں گے۔

اطلاعات کے مطابق پاکستان کے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف کئی روز سے اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ حج 2017ء سے متعلق معاہدوں کی توثیق کے سلسلے میں سعودی عرب کے دورے پر ہیں۔

ان کے ہمراہ وفاقی سیکریٹری مذہبی امور خالد مسعود چوہدری ،جوائنٹ سیکریٹری حج طاہر احسان، وزارت کے آئی ٹی ایکسپرٹ عبد الحکیم خٹک اور ڈپٹی ڈائریکٹر میڈیا عمران بشیر خان بھی موجود ہیں۔

آج سعودی عرب اور پاکستان دونوں ممالک کی وزارت مذہبی امور کے درمیان کامیاب مذاکرات ہوئے جس کے بعد پاکستانی عازمین کا پرانا حج کوٹا بحال کر دیا گیا اور اب 1 لاکھ 79ہزار 210 عازمین فریضہ حج ادا کر سکیں گے۔


اسی سے متعلق: پاکستان کے حج کوٹے میں اضافہ،سعودی عرب میں آج معاہدے پردستخط ہونگے


قبل ازیں سعودی عرب نے حرمِ پاک کی توسیع کے سبب سال 2013ء میں دنیا بھر کے ممالک کا حج کوٹا کم کردیا تھا جس کے بعد سے اب تک پاکستان سے جانے والے عازمین کی تعداد بھی 20 فیصد کم ہو کر 1 لاکھ 80 ہزار کے بجائے 1 لاکھ 44 ہزار ہوگئی تھی۔

وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے گزشتہ روز بیان دیا تھا کہ سعودی عرب بیس فیصد حج کوٹا بحال کررہا ہے تاہم اس میں مزید اضافے کے لیے سعودی عرب سے درخواست کریں گے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان نے آبادی بڑھنے کے پیش نظر مزید حج کوٹا بڑھانے کی درخواست بھی کی ہے جس پر سعودی حکام نے یقین دلایا ہے کہ اس درخواست پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا۔

Print Friendly, PDF & Email

Comments

comments

یہ بھی پڑھیں