اسلام آباد: پاکستان کی چین سے 1.3 ارب ڈالر کی ری فنانسنگ کی درخواست کردی، رقم جلد موصول ہونے سے زرمبادلہ ذخائر کو سہارا ملے گا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے چین سے 1.3 ارب ڈالر کی ری فنانسنگ کے عمل کو جلد از جلد مکمل کرنے کی باضابطہ درخواست کر دی ہے۔
وزارتِ خزانہ کے ذرائع نے بتایا کہ دونوں ممالک کے حکام کے درمیان ری فنانسنگ کی شرائط و ضوابط کو حتمی شکل دینے کے لیے مذاکرات جاری ہیں۔
حکام کو توقع ہے کہ معاملے طے پانے پر یہ رقم رواں ماہ کے دوران ہی پاکستان کو دوبارہ موصول ہو جائے گی، جس سے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کو استحکام ملے گا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ گزشتہ ماہ (جولائی) میں پاکستان نے 2.2 ارب ڈالر کی بیرونی ادائیگیاں کی تھیں، جن میں چین کا 1.3 ارب ڈالر کا کمرشل قرض بھی شامل تھا۔
رواں مالی سال کے دوران اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے انٹر بینک مارکیٹ سے تقریباً 7 ارب ڈالر سے زائد رقم خریدے جانے کی توقع ہے۔
وزارتِ خزانہ نے کہا کہ انٹر بینک سے خریدے گئے ڈالرز بیرونی مقروضات کی ادائیگیوں اور زرمبادلہ کے ذخائر کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے استعمال کیے جائیں گے۔


