اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان تمام یورپی ممالک کے ساتھ بامقصد شراکت داری کا خواہاں ہے اور اقتصادی سفارت کاری سے دنیا کی توجہ پاکستان پرمبذول کروارہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی جانب سے میڈرڈ میں تھنک ٹینکس کے اعزاز میں ضیافت کا اہتمام کیا گیا ، اسپین میں پاکستانی سفیر شجاعت راٹھور بھی تقریب میں شریک ہوئے جبکہ مختلف شعبہ جات زندگی کی نامور شخصیات نے بھی ضیافت میں شرکت کی۔
وزیر خارجہ نے معززمہمانوں کو پاکستان ہاؤس میڈرڈ آمدپرخوش آمدید کہتے ہوئے کہا پاکستان تمام یورپی ممالک کے ساتھ بامقصد شراکت داری کا خواہاں ہے ، دونوں ممالک میں اقتصادی و تجارتی تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اسپین کو دو طرفہ اور یورپی یونین کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل سمجھتےہیں، ہماری حکومت جغرافیائی، اقتصادی ترجیحات پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے، پاکستان ابھرتی ہوئی مارکیٹ ہے،سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجودہیں۔
انھوں نے کہا کہ اقتصادی سفارت کاری سے دنیا کی توجہ پاکستان پرمبذول کروارہےہیں اور خطے میں قیام امن کیلئے بھرپور کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ رائے عامہ ہموار کرنے میں تھنک ٹینکس کاکرداراہم ہے اور چیلنجز سے آگاہی میں بھی تھنک ٹینکس کاکرداراہمیت کاحامل ہے، افغانستان میں قیام امن سے علاقائی روابط کو فروغ ملے گا ، علاقائی روابط ہمارے اقتصادی اہداف کے حصول میں معاون ثابت ہوں گے۔