کراچی : پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز کا آغاز مثبت زون میں ہوا ہے، پہلے روز دوران ٹریڈنگ 800 پوائنٹس کا اضافہ ہوا، وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ حکومتی کوششوں سے تاجروں کا اعتماد بحال ہوا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی کا رجحان رہا، کاروباری ہفتے کے پہلے روز دوران ٹریڈنگ آٹھ سو پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ روز کاروبار کا آغاز 35 ہزار978 پر ہوا اور کاروباری ہفتے کے پہلے روز 100 انڈیکس میں 731 پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا۔ 100انڈیکس36 ہزار710 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا،اس وقت مارکیٹ چھ ماہ کی بلند ترین سطح پر ٹریڈ کر رہی ہے۔
گزشتہ روز مجموعی طورپر 370 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے206 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ جبکہ144 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ20 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ہفتے کے آخری روز جمعہ کو بھی تیزی رہی اور کے ایس ای100انڈیکس کی35800 اور35900کی نفسیاتی حدیں بحال ہوگئیں۔ تیزی کے نتیجے میں سرمایہ کاری مالیت میں مزید28ارب2کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کو مشیر خزانہ کی جانب سے معاشی صورتحال اور اقتصادی اعشاریوں میں بہتری پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا حکومتی کوششوں سے معاشی صورتحال مستحکم اورتاجروں کااعتماد بحال ہوا ہے۔