تازہ ترین

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مندی، انڈیکس میں 500 سے زائد پوائنٹس کی کمی

کراچی : پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے دوران 100انڈیکس میں پانچ سو سے زائد پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد 100 انڈیکس 40ہزار پوائنٹس کی سطح برقرار نہ رکھ سکا۔

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز ہی مندی سے ہوا، ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس میں پانچ سو پوائنٹس کی مندی دیکھی گئی ۔ ہنڈریڈ انڈیکس چالیس ہزار پوائنٹس کی سطح سے نیچے آگیا اور 39 ہزار 508 پر بند ہوا۔

اسٹاک مارکیٹ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث سرمایہ کار محتاط ہوگئے ہیں۔

گزشتہ روز بھی اسٹاک مارکیٹ کا اختتام مندی پر ہوا تھا، 100انڈیکس40508پوائنٹس کی ایک اور بلند ترین سطح کو چھونے کے بعدمندی کا شکار ہوکر40300پوائنٹس کی کم سطح پر بند ہوا۔

گزشتہ روز مندی کے باعث مارکیٹ سرمایہ میں16ارب 71 کروڑ 65 روپے سے زائد کا خسارہ ہوا تاہم شیئرز کی خرید و فروخت میں 2کروڑ 63لاکھ شیئرز سے زائد کا اضافہ ہوگیا۔

پیر کے روز بھی کے ایس ای 100 انڈیکس اسٹاک مارکیٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 40543 پوائنٹس کی انتہائی بلند ترین سطح کو چھونے کے بعد 40400 پوائنٹس کی ریکارڈ سطح پر بند ہوا، کاروباری ہفتے کے آغاز پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج سرمایہ کاروں کی دلچسپی کا مرکز بنا رہا، مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص کی خریداری کا رجحان غالب رہا اور سرمایہ کار ٹیلی کام، بینکنگ، توانائی اور پیٹرولیم سیکٹر میں زیادہ سرگرم دکھائی دیے۔

Comments