اسلام آباد / کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج کاروباری ہفتے کے چوتھے روزمثبت کاروبار دیکھنے میں آیا اور 100 انڈیکس 169 پوائنٹس اضافے کے بعد 45 ہزار 173 کی سطح تک پہنچا۔
تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے چوتھے یعنی جمعرات کے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ٹریڈنگ کا آغاز مندی کے ساتھ ہوا اور سرمایہ کاروں نے حصص کی لین دین میں کوئی دلچپسی ظاہر نہیں کی تاہم پہلا کوارٹر مکمل ہوتے ہی اچانک مارکیٹ میں تیزی ہوئی۔
دوسرے سیشن میں 100 انڈیکس تیزی کے بعد 45 ہزار 233 پوائنٹس کی حد تک پہنچا تاہم مارکیٹ بند ہونے تک 60 پوائنٹس کم ہوئے جس کے بعد مارکیٹ 45ہزار 173 پر بند ہوئی۔
کاروبار کے دوران مجموعی طور پر 10 ارب 50 کروڑ روپے مالیت کے 24 کروڑ 80 لاکھ شیئرز کی لین دین ہوئی، 356 کمپنیوں کے حصص ٹریڈنگ بورڈ پر لین دین کے لیے پیش کیے گئے۔
مجموعی طور پر 177 حصص کی قدر میں اضافہ، 162 میں کمی اور 17 کی قیمتوں میں کوئی ردوبدل نہیں ہوا، ٹیکنالوجی اور مواصلات کے شعبے میں سرمایہ کاروں نے پیسہ لگانے کو ترجیح دی جس کی وجہ سے ان دو سیکٹروں میں 2 کروڑ 93 لاکھ شیئرز کی لین دین ہوئی۔
تعداد کے حساب سے ٹی آر جی پاکستان لمیٹٰڈ 2 کروڑ 30 لاکھ شیئر کی لین دین کے ساتھ سرفہرست جبکہ کے الیکٹرک 2 کروڑ 26 لاکھ حصص کے ساتھ دوسرے اور پاک الیکٹرون ایک کروڑ 75 لاکھ کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔