کراچی : پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روزپیرکو اتار چڑھاﺅ کے بعد تیزی رہی اور کے ایس ای100 انڈیکس کی37400اور37500کی نفسیاتی حدیں بحال ہوگئیں۔
تیزی کے نتیجے میں سرمایہ کاری مالیت میں20ارب20کروڑروپے سے زائدکااضافہ اور کاروباری حجم گذشتہ روز کی نسبت9.16فیصد کم جبکہ56.72فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
فروخت کے دباﺅ اور پرافٹ ٹیکنگ کے سبب کاروبار کا آغاز منفی زون میں ہوا، ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای100انڈیکس37281پوائنٹس کی نچلی سطح پر بھی دیکھا گیا تاہم بعدازاں حکومتی مالیاتی اداروں، مقامی بروکریج ہاﺅسز سمیت دیگرانسٹی ٹیوشنز کی جانب سے توانائی، بینکنگ، فوڈز، سیمنٹ اور کیمیکلز سیکٹر کی نچلی سطح پر آئی ہوئی قیمتوں پر خریداری کے باعث مندی کے اثرات زائل ہوگئے ۔
دوران ٹریڈنگ کے ایس ای100انڈیکس37697پوائنٹس کی بنلد سطح پر بھی دیکھا گیا تاہم مقامی سرمایہ کار گروپ ڈالر کی غیر مستحکم پوزیشن کے باعث تذبذب کا شکار نظر آئے جس کے نتیجے میں کے ایس ای100انڈیکس مذکورہ سطح پر برقرار نہ رہ سکا تاہم اتار چڑھاﺅ کا سلسلہ سارادن جاری رہا۔
مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس166.21پوائنٹس اضافے سے37504.08پوائنٹس پر بند ہوا۔پیر کو مجموعی طور پر342کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا،جن میں سے194کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ،130کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ18کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔
سرمایہ کاری مالیت میں20ارب20کروڑ60لاکھ80ہزار556روپے کااضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے نتیجے میں سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت بڑھ کر76کھرب61ارب91کروڑ40لاکھ33ہزار206روپے ہوگئی۔
پیر کو مجموعی طور پر 17 کروڑ 20 لاکھ 6 ہزار 950 شیئرز کا کاروبار ہوا جو جمعہ کی نسبت 1 کروڑ 73 لاکھ 49 ہزار 610 شیئرز کم ہیں۔
پیر کو کے ایس ای 30 انڈیکس 102.57 پوائنٹس اضافے سے 17753.12 پوائنٹس، کے ایم آئی 30 انڈیکس 307.41 پوائنٹس اضافے سے 61346.31 پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئر انڈیکس 92.30 پوائنٹس اضافے سے 27497.64 پوائنٹس پر بند ہوا۔