کراچی: کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بدھ کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں معمولی کمی دیکھی گئی، 100 انڈیکس 40 ہزار 531 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔
تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بدھ کو پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں ملا جلا رجحان دیکھا گیا۔ دن کے وسط میں 100 انڈیکس میں 136 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس کے بعد 100 انڈیکس 40 ہزار 801 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔
تاہم دن کے اختتام پر 100 انڈیکس میں 133 پوائنٹس کی کمی ہوئی جس کے بعد انڈیکس 40 ہزار 531 پوائنٹس پر بند ہوا۔
مارکیٹ میں 10.83 ارب روپے مالیت کے 30.48 کروڑ شئیرز کا کاروبار کیا گیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھی گئی تھی، ایک ہفتے میں 100 انڈیکس میں 14 سو 44 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس کے بعد انڈیکس 40 ہزار 732 پوائنٹس پر بند ہوا۔
2 سے 6 دسمبر کے دوران پہلے روز پیر کے دن انڈیکس میں 836 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس کے بعد 100 انڈیکس 9 ماہ بعد 40 ہزار کی سطح عبور کر گیا۔
منگل کے روز کاروبار میں معمولی کمی دیکھنے میں آئی تاہم بدھ کے روز 40 ہزار پوائنٹس کی سطح ایک بار پھر بحال ہوگئی۔
کاروباری ہفتے کے آخری روز یعنی جمعے کو 100 انڈیکس میں 240 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس کے بعد انڈیکس 40 ہزار 732 پوائنٹس پر بند ہوا۔