کراچی: کاروباری ہفتے کے آغاز پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی کے بادل چھائے رہے،سرمایہ کار اپنا سرمایہ لگانے میں محتاط دکھائی دیے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج بروز پیر شدید مندی رہی اور کاروبار کے دوران 100 انڈیکس میں 1328 پوائنٹ کی شدید کمی دیکھی گئی۔
اسٹاک ایکسچنج ذرائع کے مطابق کاروباری ہفتے کے پہلے روز بھی سرمایہ کاروں کی جانب سے شیئر ز کی فروخت کا رحجان غالب رہا اور انڈیکس رواں سال کی کی کم ترین سطح یعنی37 ہزار 898 پر بند ہوا۔ حصص بازار میں 6.28ارب روپے مالیت کے 18 کروڑ 58 لاکھ شئیرز کا کاروبار کیا گیا۔
معاشی تجزیہ کار وں کا کہنا ہے کہ ملکی معیشت کو درپیش چیلنجیز پر سرمایہ کار محتاط ہیں اورسرمایہ کار آئی ایم ایف کی پاکستانی معیشت پر خدشات سے بھی مزید محتاط ہوگئے ہیں ،ماہرین کے مطابق آئی ایم ایف کی پاکستانی معیشت پر تجزیے سے سرمایہ کار محتاط ہوگئے ہیں۔
گذشتہ ہفتے کے دوران بھی اسٹاک مارکیٹ میں مندی رہی تھی اور 6 سیشن میں مارکیٹ کیپیٹلائزیشن میں 450 ارب روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر ڈیڑھ روپے مہنگا ہوکر 129 روپے کی سطح پر پہنچ گیا ہے ۔