ہفتہ, اگست 15, 2026
اشتہار

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی تعداد 5 لاکھ 83 ہزار سے تجاوز کر گئی

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی تعداد 5 لاکھ 83 ہزار سے تجاوز کر گئی، جو ملکی معیشت اور کیپٹل مارکیٹ کے لیے ایک انتہائی مثبت پیش رفت ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بے پناہ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی مجموعی تعداد ریکارڈ 48 فیصد اضافے کے ساتھ 5 لاکھ 83 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے بتایا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران 1 لاکھ 90 ہزار سے زائد نئے سرمایہ کار مارکیٹ کا حصہ بنے ہیں، جو ملکی معیشت اور کیپٹل مارکیٹ کے لیے ایک انتہائی مثبت پیش رفت ہے۔

ایس ای سی پی کے جاری کردہ اعداد و شمار کے تحت نئے سرمایہ کاروں میں سب سے بڑی تعداد نوجوانوں کی ہے، جہاں 18 سے 30 سال کی عمر کے نوجوانوں کا تناسب 45 فیصد رہا، جبکہ 31 سے 45 سال عمر کے نئے سرمایہ کاروں کا تناسب 41 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔

شہروں کے لحاظ سے دیکھا جائے تو ملک کا معاشی دارالحکومت کراچی 25 فیصد نئے اکاؤنٹس کے ساتھ سرفہرست رہا، لاہور دوسرے نمبر پر، جبکہ اسلام آباد اور راولپنڈی سے 13 فیصد نئے سرمایہ کار مارکیٹ میں شامل ہوئے۔

پاکستان میں آج ڈالر اور دیگر کرنسیوں کی قیمت

چیئرمین ایس ای سی پی نے اس کامیابی پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو کیپٹل مارکیٹ سے منسلک کرنا ہماری اولین ترجیح ہے اور سرمایہ کاری کے عمل کو مزید تیز بنانے کے لیے جلد ہی ایک جدید ‘ڈیجیٹل آن بورڈنگ موبائل ایپ’ بھی متعارف کرائی جا رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اب بینکوں اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے اکاؤنٹ کھولنا انتہائی آسان بنا دیا گیا ہے اور آئی بی اے این ویری فکیشن سسٹم سے سرمایہ کاروں کو بڑی سہولت ملی ہے۔

اس کے علاوہ سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کے لیے ‘سہولت اکاؤنٹ’ کی حد کو 10 لاکھ روپے سے بڑھا کر 30 لاکھ روپے کر دیا گیا ہے۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ کیپٹل مارکیٹ کا یہ فروغ عوامی بچت کو ملک کی پیداواری سرمایہ کاری میں تبدیل کرنے کے لیے اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔

اہم ترین

انجم وہاب
انجم وہاب
انجم وہاب اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں اور تجارت، صنعت و حرفت اور دیگر کاروباری خبریں دیتے ہیں

مزید خبریں